سرورققومی خبریں

’ ایسا ہندوستان بنادے یا اللہ‘ ترانہ پڑھتے ہوئے شہید امام مسجد حافظ سعد کی ویڈیو وائرل

مسلمان ہونے کی پاداش میں فرقہ پرستوں کی جنونی بھیڑ نے شہید کیا گیا

نئی دہلی،3اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) جواں سال امام مسجد حافظ محمد سعد اپنی جواں سالی میں بھی نشۂ جوانی میں ڈوبے نہیں تھے، بلکہ ملک میں امن وآشتی کی دعائیں کرتے رہتے تھے، انہیں فقط مسلمان ہونے کی پاداش میں فرقہ پرستوں کی جنونی بھیڑ نے شہید کیا گیا ، اب ان کی ’’ایسا ہندوستان بنادے یا اللہ ‘‘پڑھی گئی نظم سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔خیال رہے کہ ہریانہ کے نوح میں جنونی زعفرانیوں کی بھیڑ کے ذریعہ بھڑکائی گئی تشددکی آگ گروگرام میں بھی لگی ۔گروگرام کی انجمن مسجد کو اس جنونی بھیڑ نے آگ کے حوالے کردیااور اس کے 22 سالہ نائب امام حافظ سعدکو سفاکانہ طریقہ سے شہید کردیا ۔ ہسپتال پہنچنے تک ان کی موت ہو چکی تھی۔تاہم اب شہید امام سعد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں شہید ا مام حافظ محمد سعد حب الوطنی پر مبنی نظم گا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں،کہ ہندو مسلم کھائے اک تھالی میں- ایسا ہندوستان بنا دے یا اللہ‘۔ اس ویڈیو کو ذاکر علی تیاگی نامی صارف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔کیپشن میں ذاکر علی نے لکھاکہ یہ وہی شہید حافظ سعد ہیں جنہیں گڑگاؤں میں انجمن مسجد میں آگ لگانے کے بعد سفاکانہ طریقہ سے شہید کر دیاگیا، یہ اسی مسجد کے امام ہیں ،جو اپنے خدا سے ملک میں امن وامان کی دعا کر ر ہے ہیں۔وہیں امام کی شہادت کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ان کے اہل خانہ سے بات کی۔

اس گفتگو کی ریکارڈنگ کا ایک ویڈیو ٹویٹ کیا گیا، جسے اویسی نے ری ٹویٹ کیا۔جس میں امام سعد کے والد مشتاق کو یہ کہتے ہوئے سنا جاتا ہے کہ ہمیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، علما کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، داڑھی والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، نہ تو سڑکوں پر د وکان لگانے کی اجازت ہے اور نہ ہی پٹری لگانے کی اجازت ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ اس پر اویسی کہتے ہیں، آپ بالکل ٹھیک کہتے ہیں۔ ہم آپ سے وہاں ملیں گے۔ آپ ہمت سے کام لیں، ہم اس کے خلاف لڑیں گے ، حوصلہ بنا ئے رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button