ہیملٹن،10؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کپتان متالی راج نے اعتراف کیا کہ ٹاپ آرڈر کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی اور آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 62 رنز کی شکست میں ہندوستان کے پاس میچ میں بنے رہنے کے لیے بلے باز نہیں تھے۔
فتح کے لیے 261 رنز کے ہدف کے جواب میں ہندوستانی ٹیم صرف 198 رنز بنا سکی۔متالی نے میچ کے بعد کہاکہ ہمارے بلے بازوں خاص طور پر ٹاپ اور مڈل آرڈر کو اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی کیونکہ دیگر ٹیمیں 250 ، 260 رنز بنارہی ہیں۔
یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا اگر ٹاپ آرڈر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا۔ وکٹوں کے مسلسل گرنے سے کافی دباؤ پیدا ہوا اور بعد میں ہمارے پاس کوئی بلے باز نہیں بچا۔پچ میں اچھا اچھال تھا لیکن یہ بلے بازی کے لیے خراب پچ نہیں تھی۔
ان کے تیز گیند بازوں نے نظم و ضبط کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہم اس سے بہتر بلے بازی کر سکتے تھے۔متالی نے پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں فتح کے بعد بھی اس تشویش کا اظہار کیا تھا۔
پہلے میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی تلافی لوئر آرڈر نے کی تھی۔ہندوستان کے گیند بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو نو وکٹ پر 260 تک محدود کردیا ۔متالی نے کہاکہ ہمارے گیند بازوں نے آج اچھا مظاہرہ کیا۔
ابتدائی وکٹ لینے کے بعد جس طرح سے وہ پارٹنرشپ بنا رہے تھے، ہم نے سوچا کہ میں 270 یا 280 رنز بنالیںگے۔ میزبان کپتان سوفی ڈیوائن نے جیت کو ٹیم کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین کارکردگی تھی۔ ہم نے اچھی شراکت داری قائم کی۔
اپنے گیند بازوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فرانسس میکے نے عمدہ اسپن بولنگ کی اور لی تاہوہو نے درمیان کے اوورز میں رن نہیں بننے دیا۔



