
جنیوا، 30جون:(اردودنیا/ایجنسیاں) #عالمی ادارۂ #صحت (The World Health Organization) نے #چین کو #ملیریا سے پاک قرار دے دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے بدھ کو چین کو ملیریا ےس پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا ہے۔چین دنیا کا 40 واں ایسا ملک بن گیا ہے جسے عالمی ادارۂ صحت نے ملیریا سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا ہے۔
دنیا کے 61 ممالک کی ایک فہرست ایسی بھی ہے جہاں ملیریا کبھی موجود ہی نہیں تھا یا بغیر کسی خاص اقدامات کے وہاں سے ختم ہو گیا۔عالمی #ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبریاسس کا کہنا تھا کہ ہم #ملیریا سے نجات پانے پر چین کے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس اعلان کے ساتھ چین ان #ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ ملیریا سے پاک مستقبل ایک قابل عمل مقصد ہے۔
واضح رہے کہ چین میں 1940 کی دہائی میں اس بیماری کے سالانہ تین کروڑ کیسز رپورٹ ہوتے تھے لیکن گزشتہ تین برس سے چین میں مقامی سطح پر کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔چین ڈبلیو ایچ او کے مغربی پیسیفک ریجن کا پہلا ملک ہے جسے تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد ملیریا سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 1981 میں #آسٹریلیا، 1982 میں #سنگاپور اور 1987 میں #برونائی کو یہ سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا۔
ملیریا سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے وہ ممالک اہل ہیں جہاں مسلسل تین برس سے کوئی مقامی کیس رپورٹ نہ ہوا ہو۔اس سے قبل 2021 میں ایل سلواڈور، 2019 میں #الجیریا اور #ارجنٹائن، 2018 میں پیراگوئے اور ازبکستان ملیریا سے پاک ہونے کا درجہ حاصل کر چکے ہیں۔



