جگتیال 20/ڈسمبر (اردو دنیا نیوز):ضلع جگتیال کے شہر کورٹلہ میں سرقہ کی ایک سنگین واردات پیش آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، شہر کورٹلہ کے بھمینی دوبہ علاقے میں واقع سائی جینس اسکول کے عقب میں موجود محمد فاروق نامی شخص کے مکان کو نشانہ بنایا گیا۔
نامعلوم سارقوں نے رات کی تاریکی میں مکان میں داخل ہوکر الماری کا قفل توڑ دیا اور اس میں موجود تقریباً 21 تولے طلائی زیورات چرا لیے۔ واردات کے وقت اہل خانہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
اطلاع ملتے ہی کورٹلہ پولیس حرکت میں آئی اور یس آئی راج پریملہ نے موقع واردات پر پہنچ کر ابتدائی شواہد جمع کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی ذرائع سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے۔
علاقے کے عوام میں اس واردات کے بعد خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے، اور انہوں نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔



