T20 ورلڈ کپ 2022: شعیب ملک سے آندرے رسل تک یہ 15 مشہورکھلاڑی اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر نہیں آئیں گے
پاکستان کے شاہین آفریدی اور انگلینڈ کے جونی بیرسٹو اور جوفرا آرچر بھی انجری کے باعث اس ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں
نئی دہلی ، 4اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) T20 ورلڈ کپ شروع ہونے میں دو ہفتے بھی باقی نہیں ہیں۔ پہلے راؤنڈ کے میچز 16 اکتوبر سے شروع ہوں گے اور سپر 12 راؤنڈ کی جنگ 22 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ کل 45 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس میں دنیا بھر کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی اپنی صلاحیت دکھاتے نظر آئیں گے۔ اگرچہ بہترین ٹیموں اور بہترین کھلاڑیوں کے اس میلے میں لطف آئے گا،لیکن یہاں کچھ بڑے کھلاڑی نظر نہیں آئیں گے۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جو اپنے وقت کے مضبوط ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی رہے ہیں لیکن یا تو ریٹائر ہو چکے ہیں یا انہیں ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان کے دو مشہور کھلاڑی اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر نہیں آئیں گے۔ محمد حفیظ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور شعیب ملک طویل عرصے سے پاکستانی اسکواڈ سے باہر چل رہے ہیں۔ ان دونوں لیجنڈ کھلاڑیوں نے پاکستان کو کئی اہم میچوں میں فتح سے ہمکنار کیا ہے۔ گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ان دونوں کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی دکھائی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈوین براوو نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ کیرون پولارڈ بھی اس سال بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کرس گیل اور آندرے رسل طویل عرصے سے ویسٹ ونڈیز اسکواڈ سے باہر ہیں۔ ایسے میں ویسٹ انڈیز کے یہ چار بڑے اسٹار کھلاڑی اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر نہیں آئیں گے۔جب کہ انگلینڈ کے دھماکہ خیز بلے باز آئن مورگن نے رواں سال بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ایسے میں یہ اسٹار کھلاڑی اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر نہیں آئیں گے۔
افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ آئرش بلے باز کیون اوبرائن نے بھی ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ ایسے میں اس بار یہ اسٹار کھلاڑی بھی نظر نہیں آئیں گے۔کئی اسٹار کھلاڑی بھی انجری کی وجہ سے اس ورلڈ کپ میں نظر نہیں آئیں گے۔
ان میں بھارت کی طرف سے جس پریت بمراہ اور رویندرجڈیجہ کا نام سب سے پہلے ہے۔ دونوں کھلاڑی ہندوستانی ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہیں۔ پاکستان کے شاہین آفریدی اور انگلینڈ کے جونی بیرسٹو اور جوفرا آرچر بھی انجری کے باعث اس ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے شمرون ہیٹ مائر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ تاہم وہ اپنی غفلت کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔ ہیٹمائر دو بار آسٹریلیا جانے کی پرواز سے محروم رہے اور اس وجہ سے ویسٹ ونڈیز کرکٹ بورڈ نے انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا ہے۔



