دبئی ، 20ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) T20 ورلڈ کپ 2022 کا انعقاد اگلے ماہ سے آسٹریلیا میں ہونے جا رہا ہے۔ اس ورلڈ کپ کے لیے تمام ممالک نے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گیند بازوں پر ٹیم کی بڑی ذمہ داری ہوگی، کیونکہ وہاں کی وکٹوں میں اچھا باؤنس اور پیس ہے۔ تاہم کچھ پچوں پر اسپنرز کو بھی کافی مدد ملتی ہے۔ ایسے میں آج ہم آپ کو 5 ایسے بولرز کے بارے میں بتائیں گے جو 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں۔ہندوستان کے اسٹار تجربہ کار تیز گیند باز جس پریت بمراہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی تیز گیندوں سے تباہی مچا سکتے ہیں۔ بمراہ اپنے تیز یارکر اور باؤنسر سے بلے بازوں کے لیے مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔
بمراہ کو آسٹریلیا کی پچوں پر گیند کرنا بھی پسند ہے۔ دوسری جانب اگر ہم بمراہ کے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 69 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی گیندی بازی سے کمال دکھا سکتے ہیں۔ ایشیا کپ میں حارث رؤف نے اپنی تیز باؤلنگ سے بڑے بڑے بلے بازوں کو دنگ کر دیا۔ حارث کو آسٹریلیا میں کھیلنا زیادہ بھاتا ہے۔ وہ یہیں بگ باس لیگ میں ہیٹ ٹرک کرکے سرخیوں میں آئے تھے۔ حارث کے کیریئر کی بات کریں تو وہ پاکستان کے لیے اب تک 41 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ جس میں انہوں نے 50 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔آسٹریلیا کے اسپن باؤلر ایڈم زمپا اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔ وہ اس وقت آسٹریلیا کے لیے کافی وکٹیں لے رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں وہ آسٹریلوی کنڈیشنز کو سمجھتے ہوئے بلے بازوں کو کافی پریشان کر سکتے ہیں۔ زمپا آسٹریلیا کے لیے 62 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ جس میں انہوں نے 71 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔ زمپا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن سکتے ہیں۔افغانستان کے اسپن بولر راشد خان کو دنیا کا بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ میں ہر جگہ شاندار گیند بازی کی ہے۔راشد خان کو بھی آسٹریلیا میں باؤلنگ زیادہ راس آتا ہے۔ ایسے میں وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کئی بلے بازوں کو اپنے چنگل میں پھنسا سکتے ہیں۔ راشد کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ افغانستان کے لیے 71 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انھوں نے 118 وکٹیں حاصل کی ہیں۔



