ماسکو: (ایجنسیاں)سابق سوویت یونین کی ریاست یوکرائن میں چرنوبل کے ایٹمی حادثے کو آج پیر کے روز ٹھیک پینتیس برس ہو گئے۔ یہ حادثہ چھبیس اپریل انیس سو چھیاسی کے روز پیش آیا تھا، جب چرنوبل کے ایٹمی مرکز میں بہت بڑا دھماکہ ہوا تھا۔
اس سال کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اس مناسبت سے کوئی بڑی یادگاری تقریبات منعقد نہیں کی جا رہیں۔ یہ حادثہ جوہری توانائی کے شہری مقاصد کے لیے استعمال کے حوالے سے دنیا کا سب سے تباہ کن حادثہ سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں انسان ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔ اس سانحے کے باوجود موجودہ یوکرائن اور اس کے ہمسایہ ملک روس میں جوہری توانائی کا استعمال ممکنہ طور پر ترک کر دینا ابھی تک کوئی بڑا موضوع نہیں بن سکا۔



