
نئی دہلی ، 25اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) #مالیگاؤں بم دھماکہ میں ملزم اور اپنے بیانات کی وجہ سے متنازعہ شخصیت ،بی جے پی رکن پارلیمنٹ #پرگیہ ٹھاکر نے ایک مرتبہ پھر عجیب و غریب بیان دے ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نہیں ہے بلکہ یہ کانگریس کا پروپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ (کانگریسی) صرف #پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ ڈیزل مہنگا، پٹرول مہنگا، یہ #مہنگائی اور کچھ نہیں ، یہ محض کانگریس کی ذہنیت ہے، خالی پروپیگنڈہ ہے۔پرگیہ ٹھاکر بھوپال میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ،جس میں انہوں نے یہ بات کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور میں آلودگی بہت زیادہ تھی اور اس کی بڑی وجہ اس دور میں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں پرانی گاڑیاں چلائی جاتی تھیں، اس وقت چہرا صاف کرنے میں رومال کالا ہو جاتا تھا، کیونکہ آلودگی اتنی زیادہ ہوتی تھی۔
پرگیہ #ٹھاکر کے بیان پر کانگریس کے ریاستی ترجمان نریندر سلوجا نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ سیلاب کے لئے کانگریس ذمہ دار، مہنگائی کے لئے نہرو جی کی تقاریر ذمہ دار، مہنگائی سے تکلیف ہو تو افغانستان چلے جاؤ اور تو اور اب رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کہہ رہی ہیں کہ مہنگائی نہیں ؛بلکہ یہ کانگریس کا پروپیگنڈہ ہے ، انہیں نفسیاتی علاج کی ضرورت ہے‘۔



