بین الاقوامی خبریں

شام کے شہر حمص سے ہزاروں لوگوں کا انخلا، باغی شہر کے مضافات میں داخل

سرکاری فورسز نے برائے نام مزاحمت کے بعد چوتھے سب سے بڑے شہر حما کو خالی کر دیا تھا۔

دمشق ،، 7دسمبر ( ایجنسیز) سرکاری فورسز نے برائے نام مزاحمت کے بعد چوتھے سب سے بڑے شہر حما کو خالی کر دیا تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کا خون خرابہ بچانے کے لیے کیا گیا۔شام کو روس اور ایران کی حمایت حاصل رہی ہے۔ مگر موجودہ حالات میں روس یوکرین کی جنگ میں الجھا ہوا ہے۔شام کے وسطی شہر حمص سے ہزاروں لوگ فرار ہو رہے ہیں، جو کہ ملک کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے، کیونکہ باغیوں نے جمعے کے روز دو مضافاتی قصبوں پر قبضہ کر لیا، اور وہ دارالحکومت دمشق پر قبضے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔شام کی صورت حال حیران کن انداز میں تبدیل ہو رہی ہے۔

باغیوں نے ایک ہفتہ قبل اپنی پیش رفت کا آغاز کیا تھا اور شمال کے ایک اہم شہر حلب پر قابض ہو گئے تھے۔ انہیں حلب میں بہت کم مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔حلب کے بعد باغی مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں اور سرکاری فورسز پیچھے ہٹتی جا رہی ہیں۔ایک دن پہلے، جنگجوؤں نے شام کے چوتھے بڑے شہر حما ۃپر قبضہ کیا تھا، جس پر ردعمل میں سرکاری فوج نے کہا تھا کہ وہ شہر کے اندر لڑائی سے بچنے اور شہریوں کی جان بچانے کے لیے پیچھے ہٹ گئی تھی۔اس بغاوت کی قیادت جہادی حیات تحریر الشام گروپ،یا ایچ ٹی ایس کر رہا ہے۔

اس نے حمص اور دارالحکومت دمشق کی طرف مارچ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔حمص صدر بشارالاسد کے حامیوں کا شہر ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں علوی فرقے کے لوگ آباد ہیں۔ صدر اسد بھی اسی فرقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اس شہر کو اسد کی حمایت کے مرکز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔تاہم جمعے کے روز نظر آنے والے مناظر بہت مختلف تھے۔ شہر سے نکلنے والی شاہراہوں اور سڑکوں پر لوگوں سے بھری ہوئی گاڑیوں کا رش تھا اور اکثر مقامات پر ٹریفک جام تھی۔ یہ لوگ باغیوں کے قابض ہونے کے خدشے کے پیش نظر اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف جا رہے تھے۔

انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو پریشانی کے عالم میں شہر سے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس شہر کے کچھ حصے 2014 تک باغیوں کے کنٹرول میں رہ چکے ہیں۔حمص رقبے کے لحاظ سے شام کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کی سرحدیں لبنان، عراق اور اردن سے ملتی ہیں۔شام کی حکومت پر متعدد اطراف سے دباؤبڑھ رہا ہے۔ حکومت مخالف گروپوں کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے جنوبی صوبے سویدا میں سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں اور فوج کی پوزیشنوں پر دھاوا بولا ہے۔

ان گروپوں کو امریکہ کی حمایت یافتہ کرد فورسز کی حمایت حاصل ہے اور ان کا شام کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں پر قبضہ ہے۔باغیوں کی پیش رفت کے بعد کئی دوسرے حکومت مخالف گروپوں نے بھی سرکاری کنٹرول کے علاقوں کی جانب پاؤں پھیلانا شروع کر دیے ہیں۔ایچ ٹی ایس کے رہنما ابو محمد الجولانی نے جمعرات کو سی این این چینل پر ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ اسد کی حکومت گرنے کے قریب ہے۔ وہ اب تک صرف روس اور ایران کے سہارے کھڑی تھی۔

برطانیہ میں موجود شام کے آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ باغیوں نے جمعے کے روز حمص کے مضافاتی قصبوں راستان اور تلبہسہ پر قبضہ کر لیا ہے اور حمص سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔آبزرویٹری نے یہ بھی کہا ہے کہ شامی فوجی حمص سے جا چکے ہیں۔ لیکن فوج نے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی شہر میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کر رہے ہیں اور کسی بھی حملے کو پسپا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button