لندن، 25دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے دنیا بھر میں کمرشل ایئرلائنز کی کمپنیوں نے ساڑھے چار ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کی ہیں جس نے کروڑوں افراد کے لیے کرسمس کی خوشیوں کو ماند کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کو کرسمس کے موقعے پر عالمی سطح پر ایئرلائن کمپنیوں نے کم از کم 2401 پروازیں منسوخ کی ہیں جو فضائی سفر کے لیے ایک بھاری دن تھا۔ اسی طرح تقریباً دس ہزار مزید پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ویب سائٹ کے مطابق کرسمس کے دن کے لیے 1779 پروازیں دنیا بھر میں منسوخ ہوئیں، اس کے ساتھ 402 مزید پروازیں بھی منسوخ کی گئیں جو اتوار کے لیے شیڈول تھیں۔
امریکن آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے تخمینے کے مطابق کرسمس کے لیے دس کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ امریکیوں نے دسمبر 23 اور دو جنوری کے درمیان پروازوں اور ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنا تھا۔ یہ گذشتہ برس کے مقابلے میں 34 فیصد اضافہ ہے۔
اومیکرون کے کیسز سامنے آنے سے پہلے لوگوں نے کرسمس اور نئے سال کی مناسبت سے تیاریاں کر رکھی تھیں۔ حالیہ دنوں میں امریکہ میں اومیکرون کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔عالمی وبا کی وجہ سے امریکہ سمیت متعدد ممالک نے حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں منسوخ کی ہیں۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق نیویارک میں ٹائمز اسکوائر میں نئے سال کی تقریب میں محدود افراد شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ یورپ سمیت دیگر ممالک کے بڑے شہروں میں بھی نئے سال کی تقریبات منسوخ کی جا رہی ہیں۔
مراکش: پروازوں کی آمدورفت 31 جنوری تک معطل
دبئی، 25دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مراکشی حکومت نے کورونا کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر 31 جنوری 2022 تک کمرشل پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے۔عاجل ویب سائٹ نے مراکشی ٹی وی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پروازوں کی آمد و رفت کو 31 جنوری تک معطل کرنے کا فیصلہ مراکش سمیت دنیا بھر میں ’اومیکرون‘ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مراکشی حکام پروازوں کے علاوہ بری راستوں سے بھی آمد و رفت پر پابندی لگائے ہوئے ہیں۔ مراکش افرایقی عرب ملک ہے۔ان دنوں متعدد افریقی ممالک کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون کی زد میں ہیں۔



