ممبئی،23جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)معروف کامیڈین کپل شرما سمیت بالی ووڈ کے تین اداکاروں کو دھمکی آمیز ای میلز کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کپل شرما کے علاوہ جن فنکاروں کو دھمکیاں دی گئی ہیں ان میں راجپال یادو، ریمو ڈی سوزا اور سوگندھا مشرا شامل ہیں۔ ممبئی پولیس نے فنکاروں کو ملنے والی دھمکیوں کے حوالے سے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجپال یادو اور سوگندھا مشرا نے پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ہے جبکہ ریمو ڈی سوزا نے بھی شکایت درج کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق تمام فنکاروں کو یہ دھمکی ای میل کے ذریعے ملی ہے اور ای میل کے آخر میں بشنوئی کا نام لکھا گیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ای میل پاکستان سے بھیجی گئی تھی۔ فی الحال اس معاملے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔راج پال یادو کو یہ دھمکی آمیز میل 14 دسمبر کو موصول ہوئی، ایف آئی آر 17 تاریخ کو درج کی گئی ہے۔
ریمو کو بھی یہ دھمکی آمیز میل ایک ہفتہ قبل ہی موصول ہوئی تھی۔ یہ میل راجپال کے میل کے اسپام باکس میں پڑی تھی۔تینوں کو بھیجی گئی دھمکی آمیز ای میل میں لکھا گیا ہے کہ ہم آپ کی تمام حالیہ سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ہم آپ کی توجہ میں ایک حساس معاملہ لائیں، یہ کوئی پبلسٹی اسٹنٹ یا آپ کو ہراساں کرنے کی کوشش نہیں ہے۔
آپ اس پیغام کو سنجیدگی سے لیں۔ اگر کوئی جواب نہیں ملتا ہے، تو ہم فرض کریں گے کہ آپ معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، اورپھر ہم ضروری کارروائی کریں گے۔واضح ہو کہ ماضی قریب میں لارنس گینگ کے نام پر فنکاروں یا سیاستدانوں کو دھمکیاں دینے کے ایسے واقعات پہلے بھی منظر عام پر آچکے ہیں۔



