ٹائی ٹینک حادثے کی یادگار لائف جیکٹ کروڑوں میں نیلام
ٹائی ٹینک کی یہ لائف جیکٹ تاریخ کا نایاب ترین اثاثہ ثابت ہوئی
لندن 22 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) برطانیہ میں تاریخی بحری جہاز RMS Titanic کے حادثے میں زندہ بچ جانے والی ایک خاتون کی لائف جیکٹ غیر معمولی قیمت پر نیلام کر دی گئی ہے، جس نے دنیا بھر کے تاریخ کے شوقین افراد کو حیران کر دیا ہے۔
نیلام گھر کے مطابق یہ نایاب لائف جیکٹ تقریباً 9 لاکھ 4 ہزار 500 امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت کا تخمینہ اس سے کہیں کم یعنی 3 لاکھ 39 ہزار سے 4 لاکھ 74 ہزار ڈالر کے درمیان لگایا گیا تھا۔
یہ تاریخی لائف جیکٹ خاتون مسافر لورا میبل کی تھی، جو فرسٹ کلاس کیبن میں سفر کر رہی تھیں۔ حادثے کے وقت وہ لائف بوٹ نمبر 1 میں سوار ہو کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ٹائی ٹینک حادثہ اپریل 1912 میں اپنے پہلے ہی سفر کے دوران پیش آیا تھا، جب یہ عظیم الشان جہاز برطانیہ سے امریکہ جاتے ہوئے بحرِ اوقیانوس میں ایک آئس برگ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس المناک حادثے میں 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جبکہ تقریباً 700 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ آج بھی اس سانحے سے جڑی اشیاء عالمی سطح پر بے حد قیمتی سمجھی جاتی ہیں اور نیلامیوں میں ریکارڈ قیمت حاصل کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی تاریخی یادگاریں نہ صرف ماضی کی جھلک پیش کرتی ہیں بلکہ انسانی تاریخ کے اہم واقعات کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔



