تلنگانہ کی خبریں

میرے قافلے کیلئے ٹریفک کو نہ روکا جائے،پولیس عہدیداروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

چیف منسٹر نے کہا کہ وہ عام ٹریفک کے ساتھ گزرنا پسند کریں گے ،

حیدرآباد ۔:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کی سہولت کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان کی روانگی کے موقع پر ٹریفک نہ روکنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ جہاں بھی ان کا قافلہ جائے ، وہاں ٹریفک کو روک کر عوام کو دشواریاں پیدا نہ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے قافلہ کی روانگی کے وقت عام طور پر کافی دیر پہلے سے ٹریفک کو روک دیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ خاص طور پر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل ہیں، لہذا انہوں نے عہدیداروں کو پابند کیا کہ ان کے قافلہ کے وقت ٹریفک کو روکا نہ جائے اور وہ بھی ٹریفک کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے۔ محکمہ پولیس نے چیف منسٹر کی روانگی کے موقع پر ٹریفک میں خلل کے بغیر سہولت پیدا کرنے کا ایکشن پلان تیار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک اور لاء اینڈ آرڈر پولیس کو پابند کیا گیا کہ وہ چیف منسٹر کی روانگی کے موقع پر عوام کو دشواریوں سے بچانے کے اقدامات کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں شہر میں چیف منسٹر کی روانگی کے موقع پر ٹریفک کو روکنے سے جو مسائل پیدا ہوئے انہیں ریونت ریڈی کے علم میں لایا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ عام ٹریفک کے ساتھ گزرنا پسند کریں گے ، لہذا ٹریفک کو روک کر عوام کو مسائل میں مبتلا نہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button