آسام کی ’لیڈی سنگھم‘ کی سڑک حادثے میں المناک موت
ایک سڑک حادثے میں المناک موت ہوگئی
گوہاٹی،18مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آسام پولیس کی معروف خاتون سب انسپکٹر جنمونی رابھا کی منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں المناک موت ہوگئی۔ کئی تنازعات میں پھنسی اور آسام پولیس میں لیڈی سنگھم یا دبنگ پولیس کے نام سے مشہور جنمونی رابھا اپنی پرائیویٹ کار میں اکیلے سفر کر رہی تھیں۔ اس دوران وہ حادثے کا شکار ہو گئیں۔ حادثے کے وقت انہوں نے پولیس کی وردی بھی نہیں پہنی تھی۔حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار، اہل خانہ نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا۔
آسام پولس حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ ناگون ضلع کے کالابور سب ڈویژن کے جاکھلابندھا تھانہ علاقے کے تحت سروبھوگیا گاؤں میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون پولیس افسر کی کار کنٹینر ٹرک سے ٹکرا گئی،جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ حادثے کے بعد ٹرک کا مالک یا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔پولیس افسر جنمونی رابھا 30 کامروپ ضلع کے دکھن گاؤں سے تعلق رکھتی تھیں، اور انہوں نے 1 جولائی 2017 کو آسام پولیس میں شمولیت اختیار کی تھیں۔
انہیں 13 دسمبر 2021 کو ناگون پولیس ڈیپارٹمنٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ جنمونی رابھا کے اہل خانہ نے ان کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ جنمونی رابھا کے اہل خانہ نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما سے سڑک حادثے کی حقیقت جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ریاست کے کریمنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے کہا کہ وہ سڑک حادثے کی وجہ کی تحقیقات کرے گی۔



