یوپی کے ایک گاؤں میں ٹرانسفرمر چور اٹھالے گئے 25 دنوں سے پورا گاؤں بجلی سے محروم
حیران کر دینے والا معاملہ
بدایوں ،8جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) یوپی کے بدایوں ضلع سے ایک حیران کر دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کے ایک گاؤں سے چوروں نے ٹرانسفرمر چوری کر لیاہے۔ جس کی وجہ سے اس گاؤں کے مکین 14 دسمبر سے بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ تاہم ٹرانسفارمر چوری ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد محکمہ بجلی نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مقامی لوگوں اور اہلکاروں کے مطابق چور قریبی کھیت سے ٹرانسفرمر اکھاڑ کر اس کے پرزے اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ چوری کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور محکمہ بجلی نے تحقیقات شروع کی ؛لیکن 25 دن گزرنے کے باوجود گاؤں میں نیا ٹرانسارمر نہیں لگایا گیا ہے۔
ٹرانسفرمر نہ لگنے کی وجہ سے مقامی آبادی میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے، جنہیں اب بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ تقریباً پانچ ہزار کی آبادی والا یہ گاؤں اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ سب سے زیادہ متاثر وہ طلبہ ہیں جو فروری میں شروع ہونے والے اتر پردیش بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے طلباء رات کو پڑھائی نہیں کر پاتے ہیں جس سے ان کا مستقبل خطرے میں پڑ تا ہوا نظر آتا ہے۔



