نئی دہلی، 25اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے مخنثوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ جلد ہی ٹرانس جینڈرز مفت تبدیلی جنس کا آپریشن کروا سکیں گے۔ فی الحال یہ سرجری ملک کے کسی اسپتال میں مفت نہیں ہے۔ بدھ کو مرکزی حکومت نے مخنثوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کا فائدہ دینے کا اعلان کیا ہے۔نیشنل ہیلتھ اتھارٹی اور سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر بھی دستخط کیے گئے۔
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر من سکھ منڈاویہ نے کہا کہ مخنثوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت سالانہ پانچ لاکھ تک مفت علاج کی سہولت بھی ملے گی۔اس کی اہلیت کے لیے ٹرانس جینڈر سرٹیفکیٹ لازمی ہے، جو حکومت کے قومی پورٹل سے جاری کیا جاتا ہے۔ نئی دہلی میں ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد پروگرام میں ڈاکٹر منڈاویہ نے کہاکہ آیوشمان اسکیم خاندانوں کے لیے ہے، لیکن یہ سماج خاندان سے متعلق نہیں ہے۔
اسی لیے ہم نے ٹرانسجینڈر سوسائٹی کو پانچ لاکھ کا بیمہ فراہم کرنے کے لیے خاندان کی تعریف بدل دی ہے۔ملک میں 4.80 لاکھ ٹرانسجنڈر رجسٹرڈ ہیں۔ این ایچ اے کے سی ای او ڈاکٹر آر ایس شرما نے بتایا کہ مخنثوں کو آیوشمان بھارت کے 1200 سے زیادہ پیکجوں کا فائدہ ملے گا۔ اس کے ساتھ وہ جنس تبدیل بھی کر سکیں گے۔ اس سے متعلق ہیلتھ پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ اس پر کام جاری ہے۔



