تریپورہ: غیر ازدواجی تعلق کے شبہ میں خاتون کوشوہر اور دیگر افراد نے پیٹا -عاشق کے ساتھ شادی کرنے پرکیا مجبور
اگرتلہ، 18 اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تریپورہ کے کھوئی ضلع میں ایک خاتون کو اس کے شوہر اور دیگر افراد نے غیر ازدواجی تعلقات کے شبہ میں بے دردی سے پیٹا۔ یہی نہیں اس کے بعد اسے اپنے مبینہ عاشق سے زبردستی شادی کردی گئی۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات تیلیامورا تھانہ علاقہ کے وسط میں واقع کرشنا پور میں پیش آیا۔
حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تلیامورا کے سب ڈویژنل پولس افسر ایس ڈی او پی سوناچرن جماعتیہ نے کہا کہ پولیس کو ابھی تک کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کے شوہر سمیت 15 افراد اسے دھان کے کھیت میں لے گئے۔ انہیں شبہ ہے کہ اس کا غیر ازدواجی تعلق ہے۔ ملزم نے اسے بری طرح مارا جس سے وہ بے ہوش ہوگئی۔ اس کے مبینہ بوائے فرینڈ پر بھی حملہ کیا گیا۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس میں خاتون کے ہوش میں آنے کے بعد اس کے مبینہ عاشق کے گلے میں ہار ڈال کر زبردستی شادی کی تقریب کے مناظر ہیں۔ اس دوران وہاں موجود لوگ خوشی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اسی دوران کچھ نوجوان مبینہ عاشق کو عورت کی مانگ میں سندور بھرنے پر مجبور کرتے نظر آتے ہیں۔
خاتون کے شوہر نے میڈیا کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اور اس کے گھر والوں نے اس کی پٹائی کی کیونکہ اس کے گاؤں کے ایک نوجوان سے تعلقات تھے۔ واقعے کے بعد وہ خود اپنی بیوی کو اسپتال لے گیا۔ ساری رات وہیں رہے۔ اس نے بغیر کسی پچھتاوے کے بتایا کہ پولیس اس کے گھر آئی تھی، لیکن خالی ہاتھ لوٹ گئی۔
دوسری طرف تریپورہ ویمن کمیشن (ٹی سی ڈبلیو) کی چیئرپرسن برنالی گوسوامی نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں خواتین کے ساتھ اس طرح کی بربریت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ گاؤں میں ٹیم بھیج کر واقعے کی تحقیقات کی جائے گی۔



