بین الاقوامی خبریں

ٹرمپ کی Truth Social پوسٹس تک سپر فاسٹ رسائی اب قیمت کے ساتھ، سالانہ ایک لاکھ ڈالر تک فیس

ٹرمپ کی Truth Social پوسٹس تک قبل از وقت رسائی کے لیے Truth API سروس۔

واشنگٹن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹس اب عام صارفین سے پہلے دیکھنے کے لیے بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ Trump Media & Technology Group نے Truth API کے نام سے ایک نئی پریمیم سروس متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے بینکوں، ہیج فنڈز اور الگورتھمک ٹریڈنگ کمپنیوں کو Truth Social پر شائع ہونے والی اہم پوسٹس چند سیکنڈ پہلے فراہم کی جائیں گی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس سروس کی سالانہ قیمت 60 ہزار سے ایک لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 50 لاکھ سے 85 لاکھ روپے) کے درمیان ہو سکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سروس ایسے مالیاتی اداروں کے لیے تیار کی گئی ہے جہاں چند سیکنڈ کی تاخیر بھی کروڑوں ڈالر کے منافع یا نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔

مارکیٹ پر ٹرمپ کی پوسٹس کا اثر

ڈونلڈ ٹرمپ کی Truth Social پوسٹس ماضی میں کئی بار عالمی مالیاتی منڈیوں کو متاثر کر چکی ہیں۔ مثال کے طور پر 9 اپریل 2025 کو جب ٹرمپ نے نئی ٹیرف پالیسی کو 90 دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا تو وال اسٹریٹ کے بڑے انڈیکس میں فوری تیزی دیکھی گئی۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ Truth Social پر ٹرمپ کی پوسٹس اکثر سرمایہ کاروں کے فیصلوں پر براہ راست اثر ڈالتی ہیں، اسی لیے ان تک جلد رسائی مالیاتی اداروں کے لیے انتہائی قیمتی سمجھی جا رہی ہے۔

Truth API کے ذریعے صارفین کو منتخب 10 اہم اکاؤنٹس کی پوسٹس ریئل ٹائم میں دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ 2022 سے اب تک کی آرکائیو پوسٹس، 24 گھنٹے مانیٹرنگ اور تیز رفتار ڈیٹا فیڈ بھی فراہم کی جائے گی۔

کمپنی کے عبوری چیف ایگزیکٹو کیون میک گرن کا کہنا ہے کہ مالیاتی مارکیٹیں Truth Social پر ہونے والی سرگرمیوں پر فوری ردعمل دیتی ہیں، اس لیے مستقبل میں اس سروس کی مانگ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اس نئی سروس پر تنقید بھی سامنے آ رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مہنگی سبسکرپشن صرف بڑے مالیاتی اداروں کو فائدہ پہنچائے گی جبکہ چھوٹے سرمایہ کار پیچھے رہ جائیں گے۔

امریکی سینیٹر رون وائیڈن نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس اقدام سے وال اسٹریٹ کی بڑی فرموں کے ساتھ ساتھ ٹرمپ خاندان کو بھی مالی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ تاہم قانونی ماہرین کے مطابق مختلف قیمتوں پر ڈیٹا فراہم کرنا امریکی سیکیورٹیز قوانین کی خلاف ورزی نہیں سمجھا جاتا، اگرچہ اس سے منصفانہ رسائی پر بحث ضرور جنم لے سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق Truth API یکم اگست سے باضابطہ طور پر لانچ ہوگی اور ابتدائی صارفین پہلے ہی سروس کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں

متعلقہ خبریں

Back to top button