بین الاقوامی خبریں

ٹرمپ کی نیویارک اور کاملا کی فلاڈیلفیا میں انتخابی ریلیاں، ایک دوسرے پر تنقید

ٹرمپ کی نیویارک اور کاملا کی فلاڈیلفیا میں انتخابی ریلیاں، ایک دوسرے پر تنقید

نیویارک، 28اکتوبر ( ایجنسیز)

ڈونلڈ ٹرمپ کو نیویارک میں کئی دہائیوں سے ایک مشہور شخصیت کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ ان کا یہ سیاسی اجتماع باسکٹ بال گیمز اور کنسرٹس کے لیے مشہور مقام پر ہوا جس کو ٹرمپ اپنی سیاسی حریف کاملا ہیرس کے خلاف انتخابی مہم کے آخری ہفتے میں استعمال کرنے کی امید کر رہے ہیںواضح رہے کہ ریاست نیو یارک میں آخری بار 1984 میں کسی ری پبلکن صدر کو کامیابی ملی تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کے آغاز میں کہا کہ وہ ابتدا ایک بہت ہی سادہ سے سوال سے کریں گے۔

اس کے بعد انہوں نے مجمعے سے سوال کیا کہ کیا آپ چار سال پہلے کے مقابلے میں آج بہتر مقام پر ہیں؟،ان کے سوال کے جواب میں مجمعے نے ایک زور دار آواز میں ’’نہیں ‘‘میں جواب دیا۔انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار اور ملک کی نائب صدر کاملا ہیرس کو کم آئی کیو رکھنے والی شخصیت قرار دیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ پانچ نومبر کو صدارتی الیکشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو مجرموں کی امریکہ میں در اندازی بند کر دیں گے۔اس تقریب سے خطاب کرنے والے کم از کم 20 مقررین میں سابق ریسلر ہلک ہوگن سے لے کر نیویارک کے سابق میئر روڈی گیولیانی سمیت ان کے بیٹے ایرک اور ڈان بھی شامل تھے۔

اس دوران بعض مقررین نے کاملا ہیرس پر مختلف بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے جب کہ کیریبین میں امریکہ کے خود مختار علاقے پورٹو ریکو کو تیرتا ہوا کچے کا جزیرہ بھی قرار دیا گیا جس پر اس خطے کے لوگوں کی جانب سے بھی تنقید کی گئی۔دوسری جانب امریکہ کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ریاست فلاڈیلفیا میں پورٹو ریکو کے ایک ہوٹل گئیں۔ ان کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے لیے راغب کرنا تھا۔واضح رہے کہ پورٹو ریکو کے مکین امریکہ کے شہری ہیں البتہ وہ انتخابات میں ووٹ نہیں دے سکتے۔ پورٹو ریکو کے وہ شہری جو امریکہ منتقل ہو چکے ہیں وہ ووٹ دینے کے اہل ہیں۔

ان میں زیادہ تر ریاست پینسلوینیا میں آباد ہیں اور اس ریاست کو انتخابات میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔کاملا ہیرس کی انتخابی مہم کی جانب سے جاری ایک ای میل میں کہا گیا ہے کہ نیویارک کے میڈیسن اسکوائر پر ہونے والی ریلی تقسیم اور توہین آمیز پیغامات کی عکاس تھی۔ ان پیغامات کو ٹرمپ سے بھی جوڑا گیا۔امریکہ میں صدارتی انتخابات میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ اس دوران سامنے آنے والے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں امیدوار شدید مقابلے والی ریاستوں میں ایک دوسرے کے بالکل قریب ہیں۔

ان ریاستوں میں کامیابی اگلے صدر کے انتخاب میں اہم ہو گی۔امریکہ میں لگ بھگ تین کروڑ 80 لاکھ افراد قبل از وقت ووٹ اور میل ووٹ کا استعمال کر چکے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں کاملا ہیرس کو ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی تارکین وطن کی پالیسی اور معیشت پر اقدامات سے جوڑ رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے کاملا ہیرس پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس کو نقصان پہنچایا ہے اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں اس کو درست کر دوں گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button