کویتا سے ای ڈی کی 9 گھنٹے پوچھ تاچھ ، 16 مارچ کو دوبارہ طلبی
گرفتاری کی افواہوں کے دوران بی آر ایس رکن کونسل کے باہر آنے پر کیڈر نے راحت کی سانس لی ۔ کویتا ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ حیدرآباد لوٹ گئے
حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملک بھر میں تہلکہ مچانے والے دہلی شراب اسکام کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی ) کے عہدیداروں نے 9 گھنٹوں تک بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے آج ہفتہ کو دہلی میں پوچھ تاچھ کی اور انہیں دوبارہ 16 مارچ کو پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کی نوٹس دیتے ہوئے روانہ کردیا جس کے بعد کویتا ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ کے علاوہ دیگر وزراء اور قائدین حیدرآباد لوٹ گئے ۔ آج صبح تقریبا 12 بجے سے رات 9 بجے تک عہدیداروں نے کویتا سے پوچھ تاچھ کی ۔ شام 5-30 بجے تک کویتا سے پوچھ تاچھ کرنے کے امکانات تھے ۔ قاعدہ کے مطابق خواتین سے شام 6 بجے تک پوچھ تاچھ کرنے کی اجازت ہے ۔ لیکن وقت گذر جانے کے بعد بھی ای ڈی کے عہدیداروں نے کویتا کو جانے کی اجازت نہیں دی جس سے بی آر ایس کے حلقوں میں بے چینی میں اضافہ ہوگیا تھا ۔
قبل ازیں پولیس نے ای ڈی آفس کے احاطے سے بی آر ایس کے قائدین کو ہٹا دیا تھا اور اطراف سے بیاریکیڈس لگا دئیے تھے جس کے بعد بی آر ایس کا کیڈر تشویش میں مبتلا ہوگیا تھا ۔ ای ڈی آفس سے کویتا کے باہر نکلنے کے بعد بی آر ایس کے قائدین نے راحت کی سانس لی ۔ کویتا اور بی آر ایس زندہ آباد کے نعرے لگائے ۔ پہلے ای ڈی آفس کے پاس پولیس کی جانب سے ہائی الرٹ کردیا گیا تھا جس کے بعد دہلی میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کویتا کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کویتا سے اظہار یگانگت کے لیے 6 وزرا، کئی ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی کے اہم قائدین کو دہلی روانہ کیا تھا ۔ وہ گھنٹہ گھنٹہ کو ان سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کررہے تھے ۔ کویتا سے پوچھ تاچھ کے دوران ای ڈی عہدیداروں نے کویتا سے ان کا فون طلب کیا ۔ کویتا نے بتایا کہ انہوں نے فون ساتھ میں نہیں رکھا ہے ۔ کویتا کے ڈرائیور کو دہلی کے چیف منسٹر ہاؤس روانہ کرتے ہوئے کویتا کا فون منگوایا اور اس کو ضبط کرلینے کی بھی اطلاعات ہے ۔
باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ای ڈی کے عہدیداروں نے کویتا اور ارون رامچندرا پلئی دونوں سے کانفرنٹیشن انٹراگیشن کے تحت پوچھ تاچھ کی ۔ اس کے علاوہ پلئی کی ریمانڈ رپورٹ کی بنیاد پر بھی سوالات کی بوچھاڑ کردی ۔ سابق ایڈیٹر بچی بابو کے واٹس اپ چاٹ کی بنیاد پر بھی سوالات کئے گئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی عہدیداروں نے دہلی کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا ، ارون رامچندرا پلئی ، کویتا ، دنیش اروڑہ ، بچی بابو ، سیسوڈیا کے سابق سکریٹری ارویند ، محکمہ اکسائز کے سابق عہدیداروں کلدیپ سنگھ ، نریندر سنگھ جملہ 9 افراد سے علحدہ علحدہ اور اجتماعی طور پر پوچھ تاچھ کی ہے ۔ ای ڈی کے جوائنٹ ڈائرکٹر سطح کے عہدیدار کی قیادت میں 5 رکنی ٹیم نے پی ایم ایل اے (2) 50 کے تحت کویتا کا بیان ریکارڈ کیا ہے اور اس کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی ہے ۔ ای ڈی کے عہدیدار نے حیدرآباد میں ہوئی ملاقاتیں ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور سیسوڈیا سے ہوئی ملاقاتیں ان کے درمیان ہوئی بات چیت کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ کئے گئے بیان پر کویتا کی دستخط بھی حاصل کی ہے



