ترک حجام نے گاہک کی آڑ لی اور حملہ آور کی گولیوں سے بچ گیا: ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی وائرل ہو گئی
استنبول :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ترکی کے صوبہ سینوپ میں ایک انتہائی خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک حجام نے مسلح حملہ آور کی فائرنگ کے دوران اپنے گاہک کے پیچھے پناہ لے کر اپنی جان بچالی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاہک کرسی پر بیٹھا بال کٹوا رہا تھا اور حجام اپنے کام میں مصروف تھا کہ اچانک ایک نقاب پوش شخص سیلون میں داخل ہوا اور سیدھا حجام پر فائرنگ شروع کر دی۔ حجام نے کسی بھی تاخیر کے بغیر اپنے گاہک کی آڑ لے لی اور حملہ آور مسلسل گولیاں چلاتا رہا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور بے رحمی سے فائرنگ کر رہا ہے جبکہ حجام گاہک کے پیچھے چھپ کر گولیوں کی بوچھاڑ سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ گاہک حفاظتی چادر اور اچانک پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے حرکت نہیں کر سکا، مگر وہ اس حملے میں کسی بھی گولی سے زخمی نہیں ہوا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی وائرل ہو گئی اور اس پر ملک بھر میں بحث شروع ہو گئی۔
حجام کی شناخت مراد یلدز کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی ٹانگوں میں گولیاں لگیں، تاہم اسپتال میں علاج کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی چوٹیں جان لیوا نہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مراد یلدز نے بتایا کہ اسے پہلے بھی قتل کی دھمکیاں ملی تھیں، مگر تنازع کی اصل وجہ کیا ہے، یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلی کایا نے اس واقعے کی ویڈیو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ملوث دونوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں نے اپنی موٹر سائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی اور اسی پر وہ سیلون آئے تھے۔ اس واقعے نے ترکی میں سیکیورٹی اور عوامی مقامات پر اسلحے کے استعمال کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
GEREĞİ YAPILDI ✅
BERBER DÜKKANINA GİREREK SİLAHLI SALDIRI DÜZENLEYENLER YAKALANDI❗️Dün Sinop’un Ayancık ilçesinde bulunan bir berber dükkanına motosikletli iki şahıs tarafından gerçekleştirilen silahlı saldırı sonucu 1 vatandaşımız yaralanmıştı.
Bartın il Jandarma… pic.twitter.com/ST1qUvDMjE
— Ali Yerlikaya (@AliYerlikaya) November 23, 2025



