ٹوئٹرکی عدالت میں صفائی،ہم نے نوڈل آفیسرکی تقرری کی ہے
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ نے پیرکو کہا ہے کہ اگر ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق نئے انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) کے قوانین پر پابندی عائد نہیں ہے تو ٹویٹر کو ان کی پابندی کرنی ہوگی۔اس تبصرے کے ساتھ ہی جسٹس ریکھا پیلی نے ایڈووکیٹ امیت اچاریہ کی درخواست پر مرکز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں اپنا معاملہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔آچاریہ نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیاہے کہ ٹویٹر نے قواعد پر عمل نہیں کیا ہے۔
دوسری طرف ٹویٹر نے عدالت کے سامنے دعویٰ کیاہے کہ اس نے قواعد پر عمل کیا ہے اور شکایت کے ازالے کے لیے مقامی افسر کو مقرر کیا ہے لیکن مرکزی حکومت نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ اگر ان (قواعد) پر پابندی نہیں عائد ہوتی ہے تو انہیں اس کی پابندی کرنی ہوگی۔
آچاریہ نے وکلاء آکاش واجپئی اور منیش کمار کے ذریعہ دائر درخواست میں کہا ہے کہ جب انہوں نے کچھ ٹویٹس کے بارے میں شکایت درج کروانے کی کوشش کی تو انہیں معلوم ہوا کہ انھوں نے سرکاری ضوابط پر مبینہ عدم تعمیل کے بارے میں پتہ چلا۔
سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے مستقل وکیل رپوڈمن سنگھ بھاردواج نے عدالت کو بتایاہے کہ ٹویٹر نے قوانین پر عمل نہیں کیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر نے شکایت کے ازالے کے لیے مقامی افسران کی تقرری کے لیے مرکز کے آئی ٹی ایکٹ کے قواعد پر عمل نہیں کیا ہے۔ اس میں درخواست کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کو ہدایت کی جائے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اس اصول پر عمل کریں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی کے نئے قواعد 25 فروری کو نافذ ہوئے تھے اور مرکز نے ٹویٹر سمیت تمام سوشل میڈیا فورموں کو ان پر عمل کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ مدت 25 مئی کو ختم ہوگئی ، لیکن ٹویٹر نے اس پلیٹ فارم پر ٹویٹس سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے کے لیے آج تک شکایت کے ازالے کے افسر کو مقرر نہیں کیا ہے۔



