سرورققومی خبریں

ٹوئٹرکابیان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت پر اپنی شرائط مسلط کرنے کی کوشش

ملک کا قانون مانناہی ہوگا:مرکزی حکومت کا ٹوئٹر کوکھلافرمان

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آئی ٹی اورٹیکنالوجی وزارت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹویٹر کا یہ بیان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت پر اپنی شرائط مسلط کرنے کی کوشش ہے۔ ٹویٹرانہیں اصولوں پر عمل کرنے سے انکار کرتاہے جس کی بنیاد پر وہ خود کو ہندوستان میں کسی بھی مجرمانہ ذمہ داری سے محفوظ ہونے کا دعویدار ہے۔ہندوستان میں اظہاررائے کی آزادی اور جمہوری روایات کی صدیوں پرانی روایت ہے۔

ہندوستان میں اظہار رائے کی آزادی کا تحفظ کرنا صرف ٹویٹر کی طرح نجی منافع بخش، غیر ملکی ادارے کاکام نہیں ہے۔ٹویٹر پر اظہاررائے کی واحد مثال ٹویٹر اور اس کی مبہم پالیسیاں ہیں، جس کے نتیجے میں لوگوں کے اکائونٹ کو کسی بھی وقت معطل کردیا جاتا ہے اور من مانے طریقے سے بغیر کسی وجہ کے ٹوئٹ ہٹادئے جاتے ہیں۔

قانون سازی اور پالیسی سازی صرف خود مختار قوم کا خصوصی حق ہے اور ٹویٹر صرف ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے اور ہندوستان کی قانونی پالیسی کا فریم ورک کیا ہونا چاہئے، اس فیصلے میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ٹویٹر نے دعوی کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے عوام کے لئے پرعزم ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں ٹویٹر کا یہ عزم کہیں نہیں دیکھا گیا اور پریس ریلیز میں اس کی مثالیں دی گئی ہیں۔

حکومت پختہ یقین دہانی کرانا چاہتی ہے کہ ٹویٹر سمیت سوشل میڈیا کمپنیوں کے نمائندے ہندوستان میں ہمیشہ محفوظ ہیں اور رہیں گے اور ان کی ذاتی حفاظت اور سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔حکومت نے ٹویٹر کے ذریعہ جاری بیان کو مکمل بے بنیاد، جھوٹا اورہندوستان کو بدنام کرنے کی کوشش بتایا ہے۔

اس سے قبل ٹویٹر نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں دہلی پولیس کی کارروائی کو اپنے ملازمین کے لئے خطرہ قرار دیاتھا، اب آئی ٹی وزارت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ٹویٹر کو ملک کے قانون واصول کی یاد دلاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسے اس کے قانون پر عمل کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button