سری لنکا پر بدترین اقتصادی بحران دو بڑے اخبارات کی اشاعت بند، زرمبادلہ کے بحران کے باعث اخباری کاغذ ختم
کولمبو ،26مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سری لنکا ان دنوں مہنگائی اور زرمبادلہ کے بحران کی زد میں ہے۔اس بحران کا یہ عالم ہے کہ دو بڑے اخبارات نے اخباری کاغذ کی کمی کی وجہ سے اپنی اشاعت بند کردی۔نجی ملکیت والے اخبار نے کہا کہ ان کا انگریزی زبان کا روزنامہ دی آئی لینڈ اور اس کا سنہالی ایڈیشن اخباری کاغذ کی کمی کی وجہ سے آن لائن دستیاب ہوگا۔
اپالی نیوز پیپرز لمیٹڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اپنے قارئین کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ اشاعت کو اگلے نوٹس تک ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ اس ماہ کے شروع میں امریکی ڈالر کے مقابلے سری لنکن روپیہ جاری کرنے کے حکومتی فیصلے کے بعد نیوز پرنٹ کی درآمدی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دی آئی لینڈ اخبارجو اکتوبر 1981 سے چھپ رہا ہے، اب ایک ای پیپر کے طور پر کام کرے گا۔ملک میں زرمبادلہ کے بحران کے درمیان پیٹرولیم کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
چند روز قبل سری لنکا سے ایسی تصاویر سامنے آئیں کہ لوگ پیٹرول خریدنے کے لیے پیٹرول پمپ پر ٹوٹ پڑے ہیں،اور لوگوں کو قابو کرنے کے لیے فوج کو بلانی پڑی ہے ۔ ہزاروں لوگ تیل خریدنے کے لیے گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ پیٹرول خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے تین بزرگ افراد کی ہفتے کے روز موت ہوگئی ہے ۔



