
نئی دہلی، 3 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے طلبہ کو تامل ناڈو کی انامالائی یونیورسٹی Annamalai University کے ذریعہ پیش کردہ فاصلاتی تعلیم کے تحت کسی بھی کورس میں داخلے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ یو جی سی نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس اس سلسلے میں اعلیٰ تعلیم کے ریگولیٹر کی لازمی منظوری نہیں ہے۔
یوجی سی سکریٹری رجنیش جین نے کہا کہ یہ یوجی سی کے نوٹس میں آیا ہے کہ انامالائی یونیورسٹی فاصلاتی تعلیم کا پروگرام چلا رہی ہے اور یوجی سی کی منظوری کے بغیر طلبہ کو اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ (اوڈی ایل) کورسز میں داخلہ دے رہی ہے۔
یوجی سی اس کے ذریعہ بنائے گئے (اوپن اینڈ ڈسٹنس ایجوکیشن) رولز2017 اور اس میں وقتا فوقتا کی گئی ترامیم اور یوجی سی (اوپن، ڈسٹنس ایجوکیشن اور آن لائن ایجوکیشن) رولز2020 کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ قواعد کے مطابق کوئی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارہ یوجی سی کی منظوری کے بغیر کھلے اور فاصلاتی تعلیمی نظام کے ذریعے کسی بھی مضمون کو پڑھانے کی پیشکش نہیں کر سکتا۔
کمیشن نے کہاکہ انامالائی یونیورسٹی کو صرف تعلیمی سیشن 2014-15 کیلئے اوڈی ایل ا فارمیٹ میں کوئی کورس پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور اس کے بعد اوڈی ایل کے تحت اس کی طرف سے پیش کردہ کسی بھی کورس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
اس لئے یونیورسٹی کی طرف سے پیش کردہ تمام اوڈی ایل کورسز غیر قانونی ہیں اور طلبہ کے کیریئر پر اس کے اثرات کی ذمہ دارصرف یونیورسٹی ہے۔



