برطانیہ کا چینی ساختہ نگرانی کے آلات ہٹانے کا فیصلہ
برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام حساس سرکاری مقامات سے چینی ساختہ نگرانی کے آلات ہٹا دے گا۔
لندن،8جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام حساس سرکاری مقامات سے چینی ساختہ نگرانی کے آلات ہٹا دے گا۔ یہ اعلان دراصل چین سے متعلق سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کی لندن حکومت کی منصوبہ بندی کا ایک اہم حصہ ہے۔ برطانیہ نے ملک کے حساس مقامات سے چینی ساختہ نگرانی کے آلات ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن حکومت کے اس اقدام کا مقصد قومی سطح پر سرکاری تنصیبات کو چین کی جانب سے لاحق سکیورٹی خدشات کو دور کرنا ہے۔ وزیر اعظم رشی سوناک چین کو دنیا کی سکیورٹی اور خوشحالی کے لیے سب سے بڑا چیلنج سمجھتے ہیں۔ سوناک کی طرف سے پیش کردہ ان خدشات اور تشویش کے تحت حساس سرکاری مقامات سے چینی ساختہ نگرانی کے آلات ہٹا دیے جائیں گے۔
برطانوی حکومت نے پچھلے سال اپنے محکموں سے کہا تھا کہ وہ حساس عمارتوں پر چینی ساختہ نگرانی کے کیمروں کی تنصب کرنا بند کر دیں۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت نے خریداری کے قوانین میں مجوزہ غیر معمولی سختی کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نگرانی کے آلات ہٹانے کے لیے ایک ٹائم لائن جاری کرنے کا بھی عزم رکھتے ہیں۔ خاص طور سے چین کے قومی انٹیلی جنس قانون کے تابع کمپنیوں کی طرف سے تیار کردہ نگرانی کے آلات کی ملک کے حساس مراکز یا سرکاری تنصیبات سے موقوفی کے لیے ایک مقررہ وقت کا اعلان کیا جائے گا۔اس بیان میں مخصوص چینی کمپنیوں کا نام نہیں لیا گیا تاہم مزید کہا گیا کہ اس ٹائم لائن کی پابندی کرتے ہوئے ہم مذکورہ چینی آلات کی موقوفی کے منصوبے پر توجہ اور سرعت سے کام کر رہے ہیں۔



