قومی خبریں

یوکرین بحران: ایئر انڈیا کا طیارہ رومانیہ سے ہندوستانی طلبا کو لے کر ممبئی کے لیے روانہ

بخارسٹ،26فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایئر انڈیا کا طیارہ AI-1943 رومانیہ کے بخارسٹ سے یوکرین پر روس کے حملے کے تیسرے دن وہاں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباکو لے کر ممبئی کے لیے روانہ ہوا ہے۔ ہوائی جہاز میں بیٹھے ہندوستانی خوش دکھائی دے رہے تھے۔

یہاں یوکرین سے ہندوستان آنے والے مسافروں کے لیے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک خصوصی کوریڈور بنایا گیا ہے۔یہاں سے نکلنے کے لیے مسافروں کو کووڈ-19 ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ یا RT-PCR کی منفی رپورٹ دکھانی ہوگی۔

یہاں ہندوستانی سفیر نگما ملک نے کہا کہ سفارت خانے نے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ ٹیمیں ہندوستانیوں کو مغربی یوکرین سے باہر نکلنے میں مدد کریں گی۔ تمام پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو پولینڈ لے جایا جائے گا، وہاں سے انہیں ہندوستان بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔

یوکرین کے ہندوستانی سفارت خانے نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں وہاں پھنسے ہندوستانیوں سے کہا گیا ہے۔ سرحد پر تعینات ہندوستانی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کے بغیر سرحد کی طرف مت جائیں۔

مغربی شہروں میں کھانے پینے کی چیزوں کے ساتھ، جہاں ہو وہاں رہنا بہتر ہے۔ ہم آہنگی کے بغیر سرحد تک پہنچنے سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ مشرقی علاقے میں، مزید ہدایات تک گھر کے اندر یا جہاں آپ نے پناہ لی ہے وہاں رہیں۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سنیچر کو کہا کہ وہ یوکرین میں پھنسے ہندستانی شہریوں کو واپس لانے کی مہم کی خود نگرانی کررہے ہیں اور 219ہندستانیوں کولیکر پہلی پرواز رومانیہ سے ہندستان کے لئے روانہ ہوچکی ہے۔ جے شنکر نے کہاکہ وزارت خارجہ کو ہندستانی شہریوں کو یوکرین سے نکالنے میں کامیابی مل رہی ہے۔ ان میں بیشتر طلبا ہیں۔

وزیر خارجہ جے شنکر نے ٹوئٹر پر کہا کہ یوکرین سے ہندستانی شہریوں کو نکالنے کا کام میں پیش رفت ہورہی ہے۔ ہماری ٹیمیں دن رات کام میں مصروف ہیں،میں خوداس کی نگرانی کررہا ہوں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button