مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کا آنجہانی وزیراعظم نہرو پر الزام،نہرو کی چین سے ’محبت‘ کے باعث سلامتی کونسل کی مستقل رُکنیت بھینٹ چڑھ گئی
نئی دہلی ،13دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی پر کانگریس کو نشانہ بنایا۔ ہند-چین تنازعہ پر کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت پنڈت نہرو کی چین سے محبت کی وجہ سے قربان ہوئی،یہی نہیں بلکہ نہرو کے دور میں ہزاروں ایکڑ زمین بھی چین کے پاس گئی۔ ہند -چین مسئلہ پر پارلیمنٹ میں کانگریس کی طرف سے ہنگامہ آرائی کا جواب دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کی اجازت نہیں دی، وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔امت شاہ نے کہا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کو ملنے والی رقم ہندوستان اور چین کی ترقی پر تحقیق کے نام پر دی گئی۔ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے بہت سے مسائل پر تحقیق کی ہوگی۔
امت شاہ نے مزید پوچھا کہ کیا کانگریس نے اس بات کی تحقیق کی ہے کہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت نہرو کی چین سے محبت کی بھینٹ چڑھ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اس پر تحقیق کی تو نتیجہ کیا نکلا؟ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے چین کو سلامتی کونسل کی رکنیت کی پیشکش چین کے ساتھ اس کے ذاتی تعلقات کی وجہ سے کی۔
امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت جب ہمارے فوجی گلوان میں لڑ رہے تھے، اس وقت وہ چینی سفارت خانے میں ضیافت کی میزبانی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کانگریس نے یہ بھی تحقیق کی ہے کہ 2006 میں کانگریس کی حکومت کے دوران چین نے پورے اروناچل پردیش پر دعویٰ کیا تھا۔اسی دوران 2007 میں چین نے کانگریس کے وزیر اعلیٰ کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ کیا کانگریس نے اس پر تحقیق کی ہے؟امت شاہ نے کہا کہ اب دوہرا معیار نہیں چل سکتا کیونکہ عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے۔



