مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کا دعویٰ، سی اے اے کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا
منی پور کی سب سے بڑی عسکری تنظیم نے ہتھیارڈالے،امن معاہدہ پر دستخط
کولکاتا،29نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ وہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو ضرور نافذ کریں گے۔امیت شاہ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں بی جے پی کے احتجاجی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ دریں اثنا انہوں نے ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر بھی نشانہ لگایا۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہا کہ ممتا بنرجی کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ بی جے پی 2026 کے انتخابات میں مغربی بنگال میں اقتدار میں آئے گی۔ ممتا بنرجی ’’ماں، ماٹی، مانوش‘‘ کے نعرے کے ساتھ بائیں بازو کو ہٹا کر اقتدار میں آئیں ،لیکن بنگال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ آج بھی بنگال میں دراندازی، خوشامد، سیاسی تشدد اور بدعنوانی ہو رہی ہے۔امیت شاہ نے مزید کہا کہ کمیونسٹوں اور ممتا بنرجی نے مل کر بنگال کو برباد کر دیا ہے۔ ‘
اگر 2026 میں بی جے پی کی حکومت بنانی ہے تو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اس کی بنیاد رکھیں اور مودی جی کو ملک کا وزیر اعظم بنائیں۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سخت الفاظ میں کہا کہ مرکزی حکومت شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو نافذ کرے گی اور اسے کوئی نہیں روک سکتا۔امیت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی سی اے اے کی مخالفت کر رہی ہیں ،لیکن اسے لاگو ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یاد رہے کہ شاہ تاریخی ایسپلینیڈ میں پارٹی کی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ریاست کی 42 میں سے 18 سیٹیں جیتی تھیں، جو اس کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔
منی پورکی سب سے بڑی عسکری تنظیم نے ہتھیارڈالے،امن معاہدہ پر دستخط, یو این ایل ایف کو قومی دھارے میں شمولیت پرمبارکباد، امن کی راہ پرچلنے کی نیک خواہشات:امیت شاہ
امپھال،29نومبر(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) منی پور میں سب سے بڑا امن معاہدہ عمل میں آگیا ہے، یو این ایل ایف نے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس معاہدے کو دہلی میں ہری جھنڈی دے دی گئی ہے اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی سوشل میڈیا پر اس کی جانکاری دی ہے۔انہوں نے اس پورے معاہدے کو ریاست کے حالات کے پیش نظر ایک نیا باب اور تاریخی قرار دیا ہے۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا شمال مشرق کے نوجوانوں کو ایک اچھا اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے کے پی ایم نریندر مودی کے وژن کی سمت میں یہ ایک بڑا قدم ہے۔ وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ یو این ایل ایف کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد۔ امن کے راستے پر چلنے میں اس کے لیے نیک خواہشات۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یو این ایل ایف سب سے پرانا باغی گروپ ہے جس نے 1964 میں آزاد منی پور کے لیے اپنی تحریک شروع کی تھی۔
اس تنظیم کے فعال ہونے کے بعد ہی کئی دوسری تنظیموں نے بھی وقت کے ساتھ ساتھ سر اٹھانا شروع کر دیا۔ کئی مقامات پر ہنگامے ہونے لگے، حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ اسی وجہ سے مرکز نے 1980 میں منی پور میں افسپا نافذ کیا اور پوری ریاست کو ڈسٹرب قرار دیا گیا۔ اب اسی قدیم ترین تنظیم نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے جسے مرکز نے ایک تاریخی لمحہ سمجھا ہے۔تاہم کچھ عرصہ قبل مرکزی حکومت نے میتای کمیونٹی سے منسلک کچھ بنیاد پرست تنظیموں پر پابندی لگا دی تھی۔ ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے پیپلز لبریشن آرمی، یونائیٹڈ نیشنل فرنٹ، منی پور پیپلز آرمی پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ وہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں جو غیر قانونی، امن کے خلاف اور نقصاندہ ہیں۔



