
مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے مظاہرین کسانوں کوبتایا’موالی‘ کسان اورعوام میں شدید ناراضگی ،گرمائی سیاست ، استعفیٰ کا مطالبہ
نئی دہلی، 22 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے کسانوں کو لے کر مرکزی #وزیر میناکشی لیکھی (Union Minister Meenakshi Lekhi) نے متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے ان کسانوں کا موازنہ موالیوں سے کیا۔ یہ بھی کہا ہے کہ اس طرح احتجاج کرنا جرم ہے۔ اپوزیشن ایسی چیزوں کو ہوا دے رہی ہے۔لیکھی کے اس بیان پر سیاست گرماگئی ہے۔ کانگریس نے ان کے بیان کی سخت مخالفت کی ہے۔ اس نے لکھی کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے میناکشی لیکھی نے کہا کہ وہ کسان نہیں، وہ موالی ہیں، اس کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے، یہ مجرمانہ سرگرمیاں ہیں۔ 26 جنوری کو جو بھی ہوا وہ بھی شرمناک تھا، وہ #مجرمانہ سرگرمیاں تھیں، اس میں حزب اختلاف کی طرف سے چیزوں کو ہوادی جارہی ہے۔ 3زرعی #قوانین کے خلاف #احتجاج کررہے #کسانوں سے پوچھے گئے سوال پر لیکھی نے یہ بیان دیا۔ انہوں نے صحافی سے کہا کہ آپ اسے دوبارہ کسان کہ رہے ہیں، وہ موالی ہیں۔
اس بیان کے فورا بعد ہی حزب اختلاف نے لیکھی پر حملہ کردیا۔ دہلی میں چار بار ایم ایل اے رہے سینئر کانگریس لیڈر مکیش شرما نے لیکھی سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کو کہا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ شرم کرو! #میناکشی لیکھی جی! کاشتکار موالی نہیں بلکہ کھانا مہیا کرنے والے ہیں، اس لئے معافی مانگو یا استعفیٰ دو۔کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے مرکزی وزیر میناکشی لیکھی کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ لیکھی کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے۔ ٹکیت نے کہا کہ زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے والے موالی نہیں کسان ہیں، کسانوں کے بارے میں ایسی بات نہیں کرنی چاہئے۔ کسان ملک کو کھانا مہیا کرنے والا ہے۔



