دبئی ،25؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا میچ مکمل طور پر یکطرفہ تھا۔ پاکستان کی ٹیم نے ہندوستانی ٹیم کو ہر شعبے میں مات دی اور طوفانی انداز میں 10 وکٹوں سے جیت حاصل کی ۔ تاہم اس میچ میں کئی ریکارڈ بنائے گئے لیکن ایک ایسا ریکارڈ بھی بنایا گیا جو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں بنایا گیا تھا۔
یہ ریکارڈ بنانے میں شامل دو کھلاڑی وراٹ کوہلی اور بابر اعظم ہیں جو کہ دو نوں ہندوستان اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے کپتان ہیں۔
ہندوستانی ٹیم بلاشبہ پاکستان کے ہاتھوں شکست کھا گئی لیکن کپتان وراٹ کوہلی نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیز بابر اعظم نے پاکستان کی جیت میں بڑا کردار ادا کیا اور انہوں نے 52 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
رضوان نے ان کا اچھا ساتھ دیا اور انہوں نے بھی ناقابل شکست 79 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔ اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ دونوں ٹیموں کے کپتان یعنی وراٹ کوہلی اور بابر اعظم نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے نصف سنچریاں بنائیں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار کسی میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
اس سے پہلے ایسا نہیں ہوا تھا۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلی بار ہندوستان کو شکست دی۔ نیز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں ہندوستان نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 151 رنز بنائے اور جواب میں پاکستانی ٹیم نے 17.5 اوورز میں 152 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے اس ٹی 20 ورلڈ کپ میں بری شروعات کی۔



