بین الاقوامی خبریں

امریکہ کا انوکھا دعویٰ : روس نے یوکرینی باشندوں کو قتل، جیل میں ڈالنے کی فہرستیں مرتب کرلی ہیں

نیویارک ، 21فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کو ایک خط میں خبردار کیا ہے کہ روسی حکومت نے یوکرین پر حملے کی صورت میں یوکرینی شہریوں کی ایک لسٹ تیار کر رکھی ہے جنہیں قتل یا جیلوں میں بھیجا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق واشنگٹن نے یوکرین کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور آنے والے دنوں میں ممکنہ انسانی حقوق بحران سے خبردار کیا۔

امریکی حکومت کے خط میں لکھا گیا کہ امریکہ کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ روسی فورسز فوجی قبضے کے بعد مزاحمت کرنے والے یوکرینی باشندوں کو قتل اور گرفتار کرنے کے لئے ناموں کی فہرستیں تیار کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل باچلیٹ کے نام لکھے جانے والے خط میں کہا گیا کہ ہمارے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ روسی فورسز پر امن مظاہروں کو ختم کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کریں گے۔

امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں کے مطابق روسنے یوکرین کی سرحد کے ساتھ ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو تعینات کر رکھا ہے۔ماسکو نے ہمسایہ ملک پر ممکنہ حملے کے منصوبے سے انکار کیا ہے مگر یوکرین سے یہ گارنٹی طلب کی ہے کہ وہ نیٹو میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا اور مشرقی یورپ سے نیٹو کی افواج کو ہٹا لیا جائے گا۔ ان مطالبات کو مغربی اتحاد نے مسترد کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button