بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکہ : ہندوستانی ٹیکہ’کوویکسین ‘کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری سے انکار

واشنگٹن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکی فوڈ اینڈ ڈرگس ریگولیٹری (ایف ڈی اے) نے حیدرآباد واقع بھارت بایوٹیک کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے اس کی ’کوویکسین‘ کو امریکہ میں ایمرجنسی استعمال کے لیے منظوری دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ایف ڈی اے نے ہندوستان کی پہلی سودیشی کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کو فی الحال منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے ویکسین مینوفیکچرر کے امریکی شراکت دارآکیوجین کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ ہندوستانی ویکسین کے استعمال کی منظوری کے لیے مزید ڈاٹا فراہم کرے۔

اس کے ساتھ ہی ایف ڈی اے نے آکیوجین کو ای یو اے یعنی ایمرجنسی استعمال کی اجازت کے لیے درخواست کی جگہ بایو لائسنس درخواست (بی ایل اے) میں جا کر گزارش کرنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی اضافی جانکاری اور ڈاٹا فراہم کرنے کو بھی کہا ہے۔ کمپنی کا اندازہ ہے کہ سب مشن کی حمایت کرنے کے لیے ایک اضافی ’کیور ٹیسٹ‘ سے ڈاٹا کی ضرورت ہوگی۔

آکیوجین یو ایس ایک بایوفارما کمپنی ہے جو حیدر آباد کی بھارت بایوٹیک کے ساتھ کوویکسن بنانے کا کام کر رہی ہے۔ آکیوجین کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) اور شریک بانی شنکر مسونوری نے کہا کہ حالانکہ ہم اپنے ای یو اے درخواست کو آخری شکل دینے کے بے حد قریب تھے، لیکن ایف ڈی اے نے ہمیں بی ایل اے کے ذریعہ گزارش کرنے کی صلاح دی ہے۔ اس سے زیادہ وقت لگے گا، لیکن ہم کوویکسین کو امریکہ میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ کوویکسن میں ڈیلٹا ویرینٹ سمیت سارس-سی او وی-2 ویرینٹ سے نمٹنے کی صلاحیت ہے۔ آکیوجین نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس نے کناڈا میں ویکسین فروخت کرنے کے لیے خصوصی حقوق حاصل کیے ہیں۔ اگر امریکہ میں کوویکسین کے ایمرجنسی استعمال کو منظوری مل جاتی تو ہندوستان کی سودیشی ویکسین کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوتی۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی پہلی سودیشی کورونا ویکسین ’کوویکسین‘ کی اب تک ہندوستان اور دیگر ممالک میں تین کروڑ سے زیادہ خوراک کی فراہمی کی جا چکی ہے۔ یہ اس وقت 13 ممالک میں ایمرجنسی استعمال اتھارٹی کے تحت استعمال کی جا رہی ہے اور ایمرجنسی استعمال اتھارٹی کے لیے 60 سے زیادہ دیگر ممالک میں زیر غور ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button