بین ریاستی خبریں

یوپی اسمبلی الیکشن 2022: بھاجپا نے 50 فیصد وعدے وَفانہیں کئے ، الیکشن کے بعد مفت راشن بھی بند ہو گا : مایاوتی

لکھنؤ،9نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آنے والے اسمبلی انتخابات 2022 میں پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کرر ہی بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے منگل کو حکمراں بی جے پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پر سخت حملہ کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی نے 2017 میں کئے گئے انتخابی وعدوں کا 50 فیصد بھی پورا نہیں کی۔

اب جبکہ انتخابات قریب ہیں، افتتاح، سنگ بنیاد اور اعلانات محض دکھاوے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ مایاوتی یہیں نہیں رکیں، بلکہ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس مفت راشن کی بات کر رہی ہیں، انتخابات ختم ہوتے ہی وہ مفت راشن بھی بند ہو جائیں گے۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آج لوگوں کو دھوکہ دینے کا کام شروع ہو گیا ہے۔

لوگوں کو بی جے پی سے گمراہ نہیں ہونا چاہئے، ان کے قول و فعل میں بہت فرق ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ’آپدا‘ میں ’اوسر ‘(مواقع) تلاش کرتی ہے، جیسا کہ کورونا ایام میں پی ایم مودی نے کہا تھا۔

مایاوتی نے دعویٰ کیا کہ یوپی میں جو بھی کام ہوا وہ بی ایس پی کی حکومت میں ہی ہوا۔مایاوتی نے کہا کہ آج جب انتخابات قریب ہیں، تو ایک بار پھر سے سیاسی ڈرامہ شروع ہو گیا ہے۔ غریبوں کو مفت راشن بی جے پی حکومت کا واحد انتخابی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ایس پی میں کوئی فرق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ شکست کے خوف سے ہی مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کی ہے۔ یہ اعلانات صرف الیکشن کے لیے ہیں۔ الیکشن کے بعد سب کچھ بند ہو جائے گا۔

مایاوتی نے کہا کہ جناح کا مسئلہ بھی جان بوجھ کر اٹھایا گیا ہے۔ الیکشن قریب ہیں، اس لیے لوگوں کو بانٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ، لوگوں کو ان سے گمراہ نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button