
یوپی بلاک پرمکھ انتخابات: مظفر نگر ، امروہہ سمیت کئی اضلاع میں بھاجپا-ایس پی کارکنان میں تشدد
پرتاپ گڑھ میں پولیس اہلکار کی طرف سے کی گئی کئی راؤنڈ فائرنگ
لکھنؤ/امروہہ ، 10جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہفتہ کو #یوپی میں بلاک پرمکھ انتخاب کی 476 اسامیوں کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔ #ووٹنگ کے دوران کئی علاقوں سے جھڑپوں اور تشدد نیز #فائرنگ کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ ہمیر پور میں بی جے پی اور ایس پی کارکنان میں درمیان جھڑپ ہوئی۔ جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کرکے دو نوں فریق کے پیچھے ہٹایا۔
وہیں #مظفر نگر ، امروہہ ، پرتاپ گڑھ اور لکھیم پور کھیری سے بھی ہنگامہ آرائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خبر کے مطابق بی ایس پی رہنما موہن واجپئی اور ان کے حامی لکھیم پورکھیری کے صدر بلاک میں گنتی والے مقام پر جانے کے لئے گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پہنچے، جب بیری کیڈنگ پر تعینات پولیس نے موہن واجپئی کو واپس جانے کو کہا تو ان کے حامی نعرے لگانے لگے، صورتحال کو کشیدہ ہوتے ہوئے دیکھتے ہوئے ، سی او سٹی اروند کمار ورما نے مورچہ سنبھال کر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف ہلکی لاٹھی چارج کیا ۔
پولیس نے موقع سے دو نوجوانوں کوبھی گرفتار کیا۔دوسری طرف مظفر نگر کے بڑھانہ میں ووٹنگ کے دوران بی جے پی کے ایم ایل اے اومیش ملک کے آتے ہی اپوزیشن حامیوں نے #ہنگامہ کرتے ہوئے اومیش ملک سے وہاں سے چلے جانے کا مطالبہ کیا۔ اسی اثنا میں بی کے یو کے قومی صدر چودھری نریش ٹکیت بھی وہاں پہنچے،ٹکیت نے ایس پی کرائم سے ا پیل کی کہ انتخابات دیانتداری اور شفافیت سے کروائے جائیں۔
دوسری طرف امروہہ کے جویا بلاک پرمکھ الیکشن میں ووٹنگ کے دوران کافی ہنگامہ آرائی ہوئی۔ یہاں ایس پی اور بی جے پی کے حامیوں کے مابین جھڑپ کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس واقعہ سے پولیس انتظامیہ میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔واضح ہو کہ امروہہ ضلع کے جویا بلاک سے سماج وادی پارٹی کے مضبوط رہنما امروہہ کے ایم ایل اے ، سابق کابینہ کے وزیر محبوب علی کے بھتیجے ،ذوالفقار علی ایس پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں ، جبکہ بی جے پی نے سابق ممبر پارلیمنٹ ہرگوبند سنگھ کے بیٹے کوشل کو اپنا امیدوارمنتخب کیا ہے۔
وہیں پرتاپ گڑھ ضلع سے فائرنگ کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ ضلع کے آس پور دیوسرا ترقیاتی بلاک میں بلاک پرمکھ کے انتخاب کے دوران ایس پی اور پولیس کے مابین جھڑپ ہوئی۔ ہنگامہ کی وجہ سے پولنگ میں خلل بھی واقع ہوا۔ جب ایس پی کے امیدوار کے حامیوں نے مبینہ طور پر سنگ باری کی، تو پولیس نے ان پر قابو پانے کے لئے کئی راؤنڈ فائر کرنے پڑے۔
بتایا جارہا ہے کہ بی ڈی سی ممبر کا ووٹ پہلے ڈالے جانے سے ایس پی کارکنان مشتعل ہوئے تھے۔اس تناظر میں یوپی کے پرمکھ (وزیراعلیٰ) یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر ترقیاتی بلاک کی صورتحال پر براہ راست نگرانی کی جانی چاہئے۔ جیتنے والے اورہارنے والے امیدواروں کو پولیس کی نگرانی میں ان کی رہائش گاہ تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت ماحول بگاڑنے والوں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔



