قومی خبریں

یوپی بورڈ کے امتحانات آج سے ، نقل کرنے پر قومی سلامتی قانون کے تحت ہوگی کارروائی!

ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے لئے ہونے والے ان امتحانات کو نقل سے پاک بنانے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تمام اقدامات

لکھنؤ،15فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اتر پردیش سینئر سیکنڈری بورڈ کے امتحانات آج یعنی (16 فروری 2023) سے شروع ہونے جا رہے ہیں۔ ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے لئے ہونے والے ان امتحانات کو نقل سے پاک بنانے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تمام اقدامات لئے گئے ہیں۔ یوگی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑا جاتا ہے تو اس پر قومی سلامتی قانون (National Security Act) کے تحت کارروائی کی جا ئے گی۔ علاوہ ازیں، نقل کرنے میں ملوث پائے جانے پر کمرہ انویجیلیٹرس اور سنٹر کے منتظمین کیخلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یوپی بورڈ کے امتحانات سے متعلق افسران کو حکم دیا کہ پہلی مرتبہ ضلع مجسٹریٹوں کی جانب سے ہر امتحانی مرکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ اور سیکٹر مجسٹریٹ تعینات کیے جائیں گے۔

امتحان ختم ہونے کے بعد وہ ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ ضلع انسپکٹر آف اسکولز کو رپورٹ کریں گے اور تمام سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔امتحانی پرچوں کی کڑی نگرانی کے لیے پرنسپل کے کمرے سے الگ پہلی مرتبہ ایک اسٹرانگ روم قائم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ کاپیوں کو ڈبل لاک الماری میں رکھا جائے اور 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کے ذریعے اس کی نگرانی کی جائے گی۔ تمام اضلاع میں روم انسپکٹرز کی تقرری کے بعد امتحان سے قبل انہیں سخت تربیت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ضلع میں سیکٹر مجسٹریٹس، اسٹیٹک مجسٹریٹس، سینٹر ایڈمنسٹریٹرز اور ایکسٹرنل سینٹر ایڈمنسٹریٹرز کو بھی تربیت دی جائے۔ امتحان میں رکاوٹیں ڈالنے اور نظام کو متاثر کرنے والوں کے خلاف گینگسٹر ایکٹ اور جائیداد قرق کرنے کی سخت کارروائی انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ڈبل لاک اسٹرانگ روم سے امتحانی مراکز کے ڈبل لاک الماری سے سوالیہ پرچوں کے سیل شدہ باکس کو بند گاڑی میں رکھتے ہوئے اسے تین رکنی سنٹر ایڈمنسٹریٹر بیرونی مرکز کے منتظم اور جامد مجسٹریٹ موجود رہیں گے۔ نیز سوالیہ پرچہ کھولتے وقت بھی تینوں کی موجودگی لازمی ہوگی۔ سوالیہ پرچہ کھولتے وقت ضلع مجسٹریٹ یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی اجازت لینا ضروری ہوگی۔خیال رہے کہ اس بار یوپی بورڈ کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ امتحان کے لیے 58 لاکھ 85 ہزار 745 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ان میں ہائی اسکول کے 31 لاکھ 16 ہزار 487 جبکہ انٹرمیڈیٹ کے 27 لاکھ 69 ہزار 258 امیدوار شامل ہیں۔ امتحان کے لیے ریاست میں 8 ہزار سات سو 53 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 540 سرکاری، 3523 نجی اور 4690 غیر امدادی کالج شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button