
یوپی میں تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش
لکھنؤ: (اردودنیا.اِن)یوپی کی’ یوگی سرکار‘ نے آج 2021-22 کے لئے اپنا 5 واں بجٹ پیش کیا۔ اس سیشن کا کل بجٹ 5 لاکھ 50 ہزار 270 کروڑ روپے ہے۔ اس سال کا بجٹ گذشتہ سیشن کے بجٹ سے 38 ہزار کروڑ زیادہ ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یہ بجٹ نئی امکانات پیدا کرے گا۔یوگی کے مطابق یہ بجٹ کسانوں ، نوجوانوں اور خواتین کے تمام طبقات کی ترقی کی سیڑھی ہوگی۔
ہماری خواہش ہے تمام طبقات ترقی پذیر ہوں ، بجٹ نئے امکانات پیدا کرے گا : یوگی
یوگی کے مطابق ہمارا عزم ہے کہ ہر گھر میں نل اور ہر ہاتھ کو ’جاب‘ دے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ میں نہ صرف اترپردیش بلکہ ملک کی کسی بھی ریاست میں پہلے پیپر لیس بجٹ کے لئے وزیر خزانہ سریش کھنہ اور ان کی پوری ٹیم کو دل سے مبارکبادپیش کرتاہوں۔یوگی کے مطابق مجھے خوشی ہے کہ آج سے ہماری کابینہ بھی ای کابینہ بن چکی ہے۔ ای کابینہ کا اجلاس بجٹ سے قبل ہوا۔
یوپی بجٹ کے خصوصی نکات :
اس بار کا بجٹ 55027078 کروڑ روپے ہے ،جو کہ 2020-21 کے بجٹ سے 7.3فیصد زیادہ ہے۔ ہر گاؤں تک سڑک ، ہر گاؤں میں ڈیجیٹل اور ہر گھر میں نل اور خواتین کے لئے بھی نئی اسکیمیں متعارف کروائی گئیں۔’ ابھے یودے‘ نامی اسکیم کے تحت کوچنگ اسکیم کے تحت ڈبلیٹ بھی فراہم کئے جائیں گے ، اس کی فراہمی بجٹ میں کی گئی ہے۔ ریاست کے اندر کھیل کود کے فروغ کے لئے بھی ایک بجٹ وضع کیا گیا ہے۔ جس ضلع میں ریاستی یونیورسٹی نہیں ہے،
وہاں ریاستی یونیورسٹی بنائی جائے گی ۔ صحت کے انفراسٹرکچر کے لئے بھی بجٹ میںانتظام کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت غیر منظم شعبے کے لوگوں کو اندراج کرائے گی۔ حکومت 5 لاکھ کا ہیلتھ کور بھی فراہم کرے گی۔ ریاست میں بزنس مین کی رجسٹریشن بھی ہوگی۔ جس میں ، تاجر کے ساتھ کسی حادثے کی صورت میں 10 لاکھ کا بیمہ کور دیا گیا ہے۔ پونے کی نیشنل لیب کی طرح لکھنؤ میں ریاستی سطح کا ایک انسٹی ٹیوٹ بھی بنایا جائے گا۔
ایکسپریس وے پر مسلسل کام جاری ہے، گنگا ایکسپریس وے کیلئے اراضی کے حصول کے لئے بجٹ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ دیہات کو سڑک سے جوڑنے کیلئے بھی بجٹ دیا گیا ہے۔ اترپردیش حکومت بڑے پیمانے پر ہوائی رابطے میں بھی اضافہ کررہی ہے۔ مالی سال 2021-22 میں محکمہ ایکسائز کی طرف سے 41500 کروڑ روپئے کے محصول کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جیور میں ایشیاء کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بن رہا ہے۔ کشی نگر میں بین الاقوامی ہوائی اڈ ہ بھی بنایا جارہا ہے۔
ریاست میں پولیس کے لئے بھی انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سیشن سے 38 ہزار کروڑ کا بڑا بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ یوپی کے یوگی سرکار کے وزیر خزانہ سریش کھنہ نے اپنی حکومت کا 5 ویں اور مکمل بجٹ 2021-22 اسمبلی میں پیش کیا۔
اس سیشن کا کل بجٹ 5 لاکھ 50 ہزار 270 کروڑ (5،50،270.78 کروڑ روپے) ہے، جبکہ 2020-21 میں بجٹ 5.12 لاکھ کروڑ روپے تھا، اس سال بجٹ 38 ہزار کروڑ روپے کا اضافہ ہے ۔



