یوپی بجٹ اجلاس: شیروانی پہن کر اسمبلی پہنچے اکھلیش اور دیگر پارٹی ارکان، اعظم خان کے ساتھ اظہار یکجہتی
سماج وادی کے ارکان اسمبلی شیروانی پہن کر حاضر ہوئے
لکھنؤ،22فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) یوپی حکومت آج بجٹ پیش کر رہی ہے، جس میں سماج وادی کے ارکان اسمبلی شیروانی پہن کر حاضر ہوئے ہیں۔ اس دوران سماجوادی پارٹی کے صدر اور قائد حزب اختلاف اکھلیش یادو بھی سرخ ٹوپی اور سیاہ شیروانی پہنے نظر آئے۔ ارکان اسمبلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ ان کا اپنے لیڈر محمد اعظم خان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا طریقہ ہے، جو نہ صرف ریاستی اسمبلی کی رکنیت کھو چکے ہیں، بلکہ اپنے حق رائے دہی سے بھی محروم کردیئے گئے ہیں۔اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی اسمبلی کی رکنیت اور حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے۔
قانون سازوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت ذاتی انتقام کی بنا پر اعظم خان اور ان کے خاندان کو ہراساں کر رہی ہے اور مظالم کا شکار بنا رہی ہے۔ دریں اثنا، سماجوادی پارٹی میڈیا سیل کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے اکھلیش یادو کی شیروانی کی تصویر شیئر کی گئی اور لکھا گیا ہے کہ حضور آج کا بجٹ شیروانی میں، بڑی بڑی امیدوں کی میزبانی میں۔قبل ازیں، اکھلیش یادو نے کہا مجھے امید ہے کہ یوپی کے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ یوپی کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے قدم اٹھائیں گے۔ اس حکومت کے گزشتہ 6 مرتبہ کے بجٹ میں کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا اور بے روزگاری بھی دور نہیں ہوئی۔



