لکھنو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کوکورونا وائرس سے یتیم ہونے والے بچوں کے لئے متعدد سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے یتیم ہونے والے بچوں کو ماہانہ 4ہزار روپئے فراہم کئے جائیں گے۔وزیر اعلی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسے یتیموں کی نگرانی کرنے والے اتالیق کو فی بچے کے اعتبار سے ماہانہ 4ہزار روپئے دئیے جائیں گے۔
ایسے بچے جن کی عمر 10سال سے کم ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے والدین کا سایہ ان کےسر سے اٹھ چکا ہے ایسے بچوں کو پانچ اضلاع متھرا، لکھنو، پریاگ راج، آگرہ اور رام پور میں قائم اسٹیٹ چلڈرن ہوم میں رکھا جائےگا۔یتیم بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے کستربا گاندھی بالیکا ودیالیہ رہائشی اسکولوں میں داخل کیاجائےگا۔
جبکہ بچوں کو اٹل رہائش اسکولوں میں داخل کرایا جائےگا۔علاوہ ازیں یوپی حکومت یتیم بچی کی شادی کے لئے 101000روپئے کا تعاون فراہم کرے گی۔ایسے بچے جو اسکول اور کالجوں میں پڑھ رہے ہیں اور وکیشنل تعلیم حاصل کررہے ہیں انہیں ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپس دئیے جائیں گے۔



