بین ریاستی خبریں

یوپی الیکشن 2022: ممتا بنرجی کیلئے اکھلیش یادو چھوڑ سکتے ہیں کچھ سیٹیں للتیش ترپاٹھی ٹی ایم سی میں شامل

لکھنو ، 25 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کے ساتھ مل کر اتر پردیش کا الیکشن (UP Election 2022) لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ خبر ہے کہ اس معاملے پر ان دونوں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ سماج وادی پارٹی یو پی انتخابات میں ٹی ایم سی کے لیے کچھ سیٹیں چھوڑ سکتی ہے۔

اس کڑی میں للیتیش پتی ترپاٹھی نے آج ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اب تک موصولہ معلومات کے مطابق اکھلیش یادو ٹی ایم سی کو دو سیٹیں دے سکتے ہیں۔ یوپی کانگریس کے نائب صدر سابق ایم ایل اے للتیش پتی ترپاٹھی نے آج سلی گڑی میں ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔

ان کے ساتھ ممتا کے بھتیجے اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی بھی تھے۔ دونوں کے سامنے للیتیش اور اس کے والد راجیش پتی ترپاٹھی نے ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کی۔ راجیش پتی کے دادا کملا پتی ترپاٹھی یوپی کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ ترپاٹھی خاندان برسوں سے یوپی کی سیاست پر حاوی ہے۔

للتیش نے گزشتہ ماہ کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پارٹی چھوڑنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس سے ملتے جلتے نظریے کے ساتھ پارٹی میں رہیں گے۔ اس کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

کہا جا رہا ہے کہ وہ ٹی ایم سی کے ٹکٹ پر مرزا پور سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی ان کی حمایت کرے گی۔ للیتیش کے والد راجیش پتی ایم ایل سی رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button