یوپی: جوڈیشل سروس امتحانات کا رزلٹ جاری حاذق حسین انصاری اور محمد ڈی یونس کے نام ٹاپرس میں شامل
ٹاپرس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حاذق حسین انصاری اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے محمدڈی یونس شامل ہیں
لکھنؤ ،31اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) یوپی پبلک سروس کمیشن نے بدھ 30 اگست کو اتر پردیش جوڈیشل سروس (سول جج جونیئر ڈویژن) بھرتی امتحان-2022 کا نتیجہ جاری کیا ہے۔ یہ امتحان پی سی ایس (جے) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔اس کے ٹاپرس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حاذق حسین انصاری اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے محمدڈی یونس شامل ہیں۔ حاذق حسین کو ساتواں رینک ملا ہے جب کہ یونس کو دسواں ملا ہے۔ مبارک پور قصبہ (اعظم گڑھ) کے رہنے والے حاذق حسین انصاری نے سول جج جونیئر ڈویژن کا امتحان پاس کیا ہے۔حاذق حسین کی کامیابی سے پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے ساتواں رینک حاصل کیا ہے۔
انہیں مبارکباد دینے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر اہل علاقہ کا رش ہے۔ حاذق حسین انصاری ولد حسین انصاری، مبارک پور کے پورسوفی محلہ کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے یوپی پبلک سروس کمیشن پریاگ راج کے یوپی جوڈیشل سروس سول جج جونیئر ڈویژن کا امتحان پاس کیا ہے۔جس میں انہوں نے ساتواں رینک حاصل کیا ہے۔ حسین احمد انصاری ولد عبدالرحمن انصاری ساکن مبارک پور، بلیا میں ایڈمیشنل جج ہیں۔ ان کے بیٹے حاذق انصاری نے رائے بریلی سے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا ہے۔علی گڑھ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ ایل ایل بی کا امتحان پاس کرنے کے بعد دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں امتحان دیا۔ اس کے بعد اتر پردیش میں بھی دو بار امتحان دیا، دوسری بار امتحان 2022 میں ہوا۔ جس کا نتیجہ بدھ کو سنایا گیا۔ جس میں حاذق کو کامیابی ملی۔
ان کی شادی مبارک پور کے محلہ پورہ رانی میں ہوئی ہے۔ بیوی آفرین بانو اپنے شوہر کی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔والدہ شوکت ایک گھریلو خاتون ہیں۔ بیٹے کی کامیابی پر ان کا کہنا تھا کہ شوہر جج تھا، اب بیٹا بھی جج بن گیا ہے۔ 90 سالہ دادا عبدالرحمن انصاری بھی اپنے پوتے کی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ دوسری طرف سی بی گنج کے بانڈیا کے رہنے والے محمد ڈی یونس نے دوسری کوشش میں 10 واں رینک حاصل کیا ہے۔ انہیں سول جج (جونیئر ڈویژن) کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یونس نے بتایا کہ انہوں نے سال 2018 میں جامعہ ملیہ یونیورسٹی، دہلی سے قانون کی تعلیم مکمل کی تھی۔ اس کے بعد شہر میں رہ کر تیاری کرتے رہے۔ امتحان میں کامیابی میرا مقصد تھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تمام محنت کامیاب ہوئی ہے۔ ان کے والدین اور پورا خاندان اس کامیابی پر بہت خوش ہے۔ واضح ہوکہ کانپور کی نشی گپتا نے پی سی ایس جے 2022 کے امتحان میں ٹاپ کیا ہے۔دوسرے نمبر پر پریاگ راج کے رہنے والے ششیر یادو ہیں، وہیں کاس گنج کی رہنے والی رشمی سنگھ تیسرے نمبر پر ہیں۔



