نتیش کیخلاف بغاوت کرنے والے اوپیندر کشواہا کو ملی وائی پلس سیکورٹی
اپیندر کشواہا کو اب وائی پلس کے سیکورٹی انتظامات کے تحت سی آر پی ایف کے جوانوں کا کور دیا جائے گا۔
پٹنہ، 9مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کیخلاف بغاوت کرنے والے راشٹریہ لوک جنتا دل کے سربراہ اوپیندر کشواہا کو مرکزی حکومت نے وائی پلس زمرہ کی سیکورٹی فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سیکورٹی مرکزی وزارت داخلہ اور مرکزی انٹیلی جنس محکمہ کی سفارش کے بعد فراہم کی گئی ہے۔اپیندر کشواہا کو اب وائی پلس کے سیکورٹی انتظامات کے تحت سی آر پی ایف کے جوانوں کا کور دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ جنتا دل (یو) سے بغاوت کرنے کے بعد اوپیندر کشواہا نے راشٹریہ لوک جنتا دل کے نام سے نئی پارٹی کا قیام کیا ہے۔
کشواہا کے ساتھ وائی پلس زمرہ کی سیکورٹی میں تقریباً 11 کمانڈوز کو تعینات کیا جائے گا۔اس سے قبل چراغ پاسوان کو زیڈ کیٹیگری کی سیکورٹی دینے کے علاوہ وکاس شیل انسان پارٹی کے لیڈر مکیش سہنی کو بھی وزارت داخلہ نے وائی پلس کیٹیگری کی سیکورٹی دی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے اپیندر کشواہا کو وائی پلس سیکورٹی دینے کے بعد طرح طرح کی سیاسی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔



