تلنگانہ کی خبریں

دہلی پہنچے کے سی آر، محلہ کلینک کا دورہ کریں گے

نئی دہلی،21مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ قومی سیاست اور سماجی تقریبات میں شرکت کے لئے ایک ہفتہ کے دہلی دورے پر ہیں۔ اس دوران کے سی آر ہفتہ کے روز دہلی کے محلہ کلینک کا دورہ کریں گے۔کے سی آر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ ہفتہ کی شام پانچ بجے محلہ کلینک کا دورہ کریں گے۔ اس سے پہلے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن بھی دہلی کے محلہ کلینک اور سرکاری اسکولوں کو دیکھنے کے لئے پہنچے تھے۔

اطلاعات کے مطابق، اپنے اس دہلی دورے کے دوران کے سی آر سیاستی اور شعبہ اقتصادیات سے وابستہ کئی لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ وہیں، ان فوجیوں کے کنبوں کو امداد فراہم کریں گے، جنہوں نے ملک کے لئے اپنی زندگی قربان کر دی۔ اس درمیان ان کا چنڈی گڑھ جانے کا بھی منصوبہ ہے۔کے سی آر کسانوں کی تحریک میں شامل سوگوار کسان خاندانوں سے بھی ملاقات کریں گے، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ وہ 22 مئی کو دوپہر میں چنڈی گڑھ کا دورہ کریں گے۔

وہ کسانوں کے 600 خاندانوں سے ملاقات کریں گے جنہوں نے منسوخ شدہ زرعی قوانین کے خلاف ملک گیر کسان تحریک میں اپنی جانیں گنوائیں۔ وہ ہر خاندان کو 3 لاکھ روپے بطور مالی امداد دیں گے۔ معلومات کے مطابق اس دوران اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے۔

اپنے دہلی دورے کے بعد وزیر اعلیٰ کے سی آر 26 مئی کو سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا سے ملاقات کے لیے بنگلور پہنچیں گے۔ اگلے دن وہ سماجی کارکن انا ہزارے سے ملنے مہاراشٹر کے رالیگن سدھی بھی جائیں گے۔ اس کے بعد تلنگانہ کے وزیر اعلی 29 اور 30مئی کو مغربی بنگال اور بہار کا دورہ کریں گے اور وادی گلوان کی لڑائی میں مارے گئے فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button