سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

آپ کے پیشاب کا رنگ بتاتا ہے آپ کتنے صحت مند ہیں

پیشاب کے رنگ میں تبدیلی جسم کی اندرونی حالت کو ظاہر کرتی ہے۔

پیشاب کا رنگ آپ کے جسم کی صحت کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ صبح کے وقت آپ کے پیشاب کا رنگ کیسا ہوتا ہے؟ یہ صرف جسم کے پانی کے توازن کا نہیں بلکہ گردوں، جگر اور ہاضمے کے نظام کی کارکردگی کا بھی عکاس ہوتا ہے۔

گردے جسم کے اندر ہونے والے میٹابولک عمل کے ذریعے نقصان دہ مادوں کو فلٹر کرکے پیشاب کے ذریعے خارج کرتے ہیں۔ لہٰذا جب پیشاب کا رنگ بدلنے لگے تو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جسم کے اندر کچھ تبدیلی ہو رہی ہے۔ اگر پیشاب کے رنگ یا بدبو میں اچانک تبدیلی آئے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

عام حالات میں پیشاب کا رنگ صاف یا ہلکا زرد ہونا چاہیے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ جسم ہائیڈریٹ ہے اور گردے صحیح کام کر رہے ہیں۔ لیکن اگر پیشاب کا رنگ گہرا پیلا ہو جائے تو یہ پانی کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایسے میں زیادہ پانی پینا ضروری ہے۔ اگر ہائیڈریٹ ہونے کے باوجود رنگ برقرار رہے تو طبی مشورہ لینا بہتر ہے۔

پیشاب کے مختلف رنگ اور ان کے معنی

  • صاف اور شفاف پیشاب: جسم میں پانی زیادہ ہے، ہائیڈریشن کی حالت بہترین ہے۔

  • ہلکا پیلا پیشاب: جسم صحت مند ہے، پانی کی مقدار مناسب ہے۔

  • گہرا پیلا یا شہد جیسا رنگ: جسم میں پانی کی کمی ہے۔

  • نارنجی رنگ: مخصوص دوائیں یا کھانے اس رنگ کا سبب بن سکتے ہیں، یا جگر کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

  • گلابی یا سرخ پیشاب: پیشاب میں خون آنا یا دواؤں کا اثر ہو سکتا ہے، فوری طبی توجہ ضروری ہے۔

  • نیلا یا سبز رنگ: پیشاب میں بیکٹیریا یا انفیکشن کی علامت ہو سکتا ہے۔

  • گہرا بھورا رنگ: جگر یا گردے کے امراض کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

  • پیشاب میں پیپ یا پس: گردوں یا پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی نشاندہی کرتا ہے۔

بدبو دار پیشاب کا مطلب

اگر پیشاب کی بدبو تیز ہو جائے یا مقدار کم ہو جائے تو یہ مردوں میں پروسٹیٹ گلینڈ، گردے یا پیشاب کی نالی کے مسائل کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات یہ سنگین بیماری یا کینسر کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

حمل کے دوران پیشاب میں تبدیلی

حمل کے دوران جسم میں ہارمونی تبدیلیوں کی وجہ سے پیشاب کا رنگ اور بدبو بھی بدل سکتی ہے۔ اس لیے حاملہ خواتین کو پیشاب کے رنگ میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی پر فوری ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے تاکہ خود اور بچے کی صحت برقرار رہے۔

یاد رکھیں، پیشاب کے رنگ میں معمولی تبدیلی بھی جسم کے اندرونی نظام کی کیفیت کو ظاہر کرتی ہے۔ لہٰذا جسم کی صحت برقرار رکھنے کے لیے پانی کا مناسب استعمال، متوازن غذا، اور وقتاً فوقتاً چیک اپ ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button