بین الاقوامی خبریںسرورق

یمن کے 5 شہروں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملے

امریکی فضائیہ کے حملوں میں صنعا، ذمار، عمران، الحدیدہ اور اِب میں حوثی ٹھکانے تباہ

واشنگٹن / صنعاء، ۹؍اپریل(اردو دنیا۔اِن / ایجنسیز)امریکی فضائیہ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب یمن کے مختلف علاقوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کیے۔ یہ حملے صنعا، ذمار، عمران، الحدیدہ اور اِب کے شہروں میں کیے گئے جن میں اسلحہ کے گودام، مواصلاتی مراکز اور عسکری پوزیشنز کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کے میڈیا کے مطابق صنعا کے مشرق میں جبل نقم پر 10 فضائی حملے ہوئے، جب کہ ذمار شہر کے مغرب میں تین حملے اسلحہ گوداموں پر کیے گئے۔ عمران اور اِب میں حوثیوں کے رابطہ نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا اور الحدیدہ ہوائی اڈے کے اطراف بھی اہداف کو تباہ کیا گیا۔

حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ الحدیدہ پر امریکی بمباری کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اعلان کردہ اس فوجی آپریشن کا حصہ ہیں جس کا مقصد بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو حوثی خطرات سے بچانا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ان حملوں میں حوثی ملیشیا کے کئی اہم کمانڈر بھی مارے جا چکے ہیں۔

بحیرہ احمر میں حوثی حملوں کے باعث جہاز رانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے، جس کی وجہ سے دنیا کے تقریباً 12 فیصد کارگو کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔ اس تعطل نے عالمی تجارتی کمپنیوں کو افریقہ کے گرد طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں نقل و حمل کی لاگت اور وقت دونوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے حوثیوں پر فضائی حملے اس تناظر میں عالمی تجارتی تحفظ کی ایک کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button