بین الاقوامی خبریں

امریکہ: اسکول میں گھس کر ’حملہ آور‘ کی گولی باری، 19 اسکولی بچے ہلاک، قومی پرچم سرنگوں

واشنگٹن،25مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں گولی باری کے نتیجے میں 19 بچے اوردو بالغ افراد ر ہلاک ہو گئے۔ صدر بائیڈن نے قوم سے خطاب میں گن لابی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسلحے کے قوانین میں تبدیلی پر زور دیا ہے۔منگل کی سہ پہر پولیس کی بھاری نفری نے ٹیکساس کے شہر یووالڈی میں واقع راب ایلیمنٹری اسکول کو گھیرے میں لے لیا جہاں ایک اٹھارہ سالہ نوجوان نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کے مطابق حملہ آور موقع پر پہنچنے والے پولیس افسروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔واقعے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹیلی ویژن پر قوم سے مختصر خطاب میں گن لابی پر تنقید کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے سانحوں کو روکنے اور اس درد کو اقدامات میں بدلنے کا وقت آگیا ہے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ ایک بچے کو کھو دینا ایسا ہے جیسے کسی نے آ پ کی روح کو چیر دیا ہو۔اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو نشانہ بنانے والی ایسالٹ رائفل استعمال کی۔

صدر بائڈن نے ایسے ہتھیاروں کی باآسانی خرید و فروخت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گنز بنانے والوں نے دو دہائیاں لگا دیں ایسے ہتھیاروں کی پر زور تشہیر پر کیونکہ یہ بہت منافع بخش ہیں۔ صدر نے کہا کہ عام امریکی ہتھیاروں کی خرید و فروخت سے متعلق معقول قوانین کی حمایت کرتے ہیں اور جو لوگ ان قوانین کی منظوری کی راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، انہیں یاد رکھا جائے گا۔اپنے خطاب سے پہلے صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس سمیت امریکہ بھر میں تمام سرکاری عمارتوں ، فوج کے اڈوں اور بحری جہازوں پر امریکی پرچم 28 مئی، 2022 کے غروبِ آفتاب تک سر نگوں رکھنے کا حکم دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک ریاستی سینیٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ماس شوٹنگ کے اس واقعہ میں اٹھارہ بچوں کے علاوہ تین بڑے بھی ہلاک ہوئے تاہم یہ واضح نہیں ا ن اعداد میں حملہ آور کو شمار کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ کم از کم دو افراد سنگین حالت میں ہسپتال میں ہیں۔زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں تبدیلی کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مسلح شخص اسی علاقے کا رہنے والا تھا اور ایک ہینڈ گن اور رائفل کے ساتھ سکول میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی ہے۔تاہم، واقعے کی چھان بین ابھی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button