
کابل،8اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)افغانستان سے نکل جانے والے امریکہ کے بی 52 طیاروں نے قطر سے افغانستان آ کر طالبان کے ٹھکانوں پر بم باری کی ہے۔امریکی بی 52 طیاروں کے #قطر سے افغانستان کے آ کر طالبان کے ٹھکانوں پر بم باری کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان فواد امان نے بتایا ہے کہ امریکی طیاروں نے افغانستان میں ہلمند، #ہرات اور قندھار میں بمباری کی ہے۔
اس حملے میں دوسو سے زائد شدت پسند مارے گئے ہیں جبکہ طالبان کے اسلحہ اور دیگر سازو سامان سے بھرے گودام تباہ کردئے گئے ہیں۔دوسری جانب #افغان شہر قندوز میں طالبان اور سرکاری فوج کے مابین لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔صوبائی حکام اور شہریوں کے مطابق، طالبان شہر کے وسط تک پہنچ چکے ہیں اور #قندوز کے کئی علاقوں میں #طالبان اور حکومتی فورسز کے مابین شدید #جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان جمعے کے روز سے اب تک دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان ملک کے کئی دیہی علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے چکے تھے جب کہ حکومتی فوج نے اپنی توجہ بڑے شہروں کے دفاع پر مرکوز کر رکھی تھی۔ قندوز کے دفاع کے لیے حکومتی فورسز فضائی طاقت کا استعمال بھی کر رہی ہیں۔



