امریکہ-کینیڈاسرحد: سردی میں جمنے سے مرنے والے4 ہندوستانیوں کی شناخت، انسانی اسمگلنگ کا معاملہ
نئی دہلی، 28 جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)حال ہی میں امریکہ-کینیڈا سرحد پر انسانی اسمگلنگ سے متعلق کیس میں مرنے والے چار ہندوستانیوں کی شناخت کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق یہ تمام افراد ایک ہی خاندان کے تھے۔
مانیٹوبا میں رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت جگدیش بلدیو بھائی پٹیل (39)، ویشالی بین جگدیش کمار پٹیل (37)، وہنگی جگدیش کمار پٹیل (11) اور دھرمک جگدیش کمار پٹیل (3) کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک ہی خاندان کے تمام افراد 19 جنوری کو ایمرسن منیٹوبا کے قریب کینیڈا-امریکہ کی سرحد سے تقریباً 12 میٹر کے فاصلے پر مردہ پائے گئے۔
حکام کے مطابق یہ خاندان کچھ عرصے سے کینیڈا میں تھا لیکن کوئی انہیں گاڑی میں سرحد پار لے جا رہا تھا۔ جہاں ان کی وفات کے بعد وہ انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ اس لیے یہ کیس انسانی سمگلنگ سے متعلق ہو سکتا ہے۔کینیڈین حکام نے پہلے کہا تھا کہ مرنے والوں میں ایک بالغ مرد،خاتون، نوعمر مرد اور شیرخوار شامل ہیں۔
تاہم اس معاملے میں حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک نوعمر لڑکی اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ان چاروں کا پوسٹ مارٹم 26 جنوری کو کیا گیا تھا جس میں ان کی موت جمنے سے ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
ٹورنٹو میں ہندوستانی سفارت خانہ متوفین کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے اور انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی جارہی ہے۔



