بین الاقوامی خبریں

امریکی انتخابات کے نتائج کواڈ پر اثر انداز نہیں ہوں گے، بھارت اور آسٹریلیا کو امید

امریکی عوام جسے منتخب کریں گے آسٹریلیا اس کے ہمراہ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

نیویارک ،5نومبر (ایجنسیز) آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدارتی انتخاب کے نتیجے سے قطع نظر بھارت، آسٹریلیا، جاپان اور امریکہ کا چار رکنی کواڈ گروپ انڈو پیسفک خطے میں باہمی اشتراک جاری رکھے گا۔خبر رساں ادارے رائٹر زکے مطابق آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی یانگ نے منگل کو کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کواڈ کی موجودگی نہایت اہم ہے۔انہوں نے امریکہ میں صدارتی الیکشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات کے نتائج سے قطع نظر اس کی اہمیت کو برقرار دیکھتے ہیں۔آسٹریلوی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ جہاں تک امریکہ کے انتخابات کا تعلق ہے تو امریکی عوام جسے منتخب کریں گے آسٹریلیا اس کے ہمراہ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل کواڈگروپ ایک ایسا سفارتی نیٹ ورک ہے جو انڈوپیسفک کو ایک ایسا آزاد، مستحکم اور خوش حال خطہ بنانے کا عزم رکھتا ہے جہاں سب کو مساوی مواقع میسر آئیں اور جو مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔پینی یانگ نے کواڈ کی اہمیت سے متعلق گفتگو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں وزیرِ خارجہ رہنے والے مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد کی ہے۔آسٹریلوی وزیرِ خارجہ نے امریکی صدارتی انتخاب سے قبل مائیک پومپیو سے ہونے والی گفتگو کو کافی اچھا قرار دیا۔پینی یانگ نے کہا کہ مائیک پومپیو سے گفتگو کا محور آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ کا سہ رکنی اتحاد ’اُکس‘ تھا جس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے امریکہ کی دونوں بڑی جماعتوں سے ملنے والی حمایت پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ اُکس نامی اتحاد 2021 میں قائم ہوا تھا جس کے تحت امریکہ اور برطانیہ نے آسٹریلیا کی جوہری مواد سے چلنے والی آبدوزوں کا دستہ بنانے میں مدد کرنی ہے۔مذکورہ معاہدے کے بعد آسٹریلیا نے اپنی تاریخ کے سب سے بڑے دفاعی منصوبے پر 2023 میں دستخط کیے تھے جس کے تحت آسٹریلیا کو جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کی فراہمی شروع ہونی ہے۔

کواڈ میں شامل چاروں ممالک کے رہنماؤں نے دو ماہ قبل ستمبر میں ایک ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ ’کوسٹ گارڈ‘ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔اس مشترکہ کوسٹ گارڈ فورس کی تشکیل کا ایک مقصد فوج کی نقل و حمل میں اشتراک کو بڑھانا بھی ہے۔چین نے کواڈ کے اتحاد پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اس کو گھیرنے کے لیے بنایا گیا اتحاد ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button