بین الاقوامی خبریں

امریکی ایوان نمائندگان ٹرمپ کے سابق مشیر (Steve Bannon) کیخلاف توہین کانگریس کا مقدمہ چلانے کیلئے تیار

نیویارک، 20اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکہ میں ایوانِ نمائندگان کی کمیٹی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیرِ خاص اسٹیو بینن (Steve Bannon) کے خلاف کانگریس کی توہین کے الزامات پر کارروائی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ گزشتہ برس کیپٹل ہل پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں اسٹیو بینن پر الزام ہے کہ وہ چھ جنوری 2021 کو دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔

Join Urdu Duniya WhatsApp Group.

تحقیقات کرنے والی ایوانِ نمائندگان کی کمیٹی میں اکثریتی ارکان ڈیموکریٹک پارٹی سے ہیں اور یہ کمیٹی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ٹرمپ کے سیکڑوں حامیوں نے کیپٹل ہل کی عمارت پر ایسے وقت میں دھاوا کیوں اور کیسے بولا تھا جب وہاں قانون ساز صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں کامیابی کی توثیق کے عمل میں مصروف تھے۔

کمیٹی نے بینن کے خلاف توہین کے مرتکب ہونے کی منظوری دی ہے اور اب اسے حتمی منظوری کے لیے ایوانِ نمائندگان بھیج دیا گیا ہے جہاں ممکنہ طور پر جمعرات کو ووٹنگ ہو گی۔اگر ایوان نمائندگان بھی بینن کو کانگریس کی توہین کا مرتکب قرار دیتا ہے تو اس مسودے کو واشنگٹن میں وفاقی پراسیکیوٹر کو بھیج دیا جائے گا تاکہ وہ بینن کے خلاف ممکنہ فردِ جرم کے لیے اسے گرینڈ جیوری کے سامنے پیش کر سکیں۔

اگر بینن قصور وار پائے گئے تو اس صورت میں انہیں ایک سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ البتہ کانگریس کی توہین کے اس طرح کے الزامات عام طور پر سامنے نہیں آتے اور شاذ و نادر ہی کسی کو جیل بھجوانے کا سبب بنے ہیں۔

واضح رہے کہ بینن سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں پہلے سات ماہ کے دوران چیف اسٹریٹجسٹ تھے اور وہ ٹرمپ کے ان گرم جوش حامیوں میں سے ایک تھے جو کھل پر بولتے رہے ہیں۔سابق صدر ٹرمپ نے اپنی صدارت کے آخری دنوں میں وائٹ ہاؤس کے قریب ایک ریلی میں حامیوں پر زور دیا تھا کہ وہ بائیڈن کی فتح کی سند کو روکنے کے لیے بہادری سے لڑیں۔

ٹرمپ کے اس بیان کے فوراً بعد ان کے 800 سے زیادہ حامیوں نے کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا جن میں سے کچھ نے عمارت میں توڑ پھوڑ کی اور بعض کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ لڑتے جھگڑتے دیکھا گیا۔ کیپٹل ہل پر چڑھائی کرنے والے 600 سے زائد افراد پر مختلف جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button